ڈپلومیٹک انکلیو میں داخلے کی کوشش پر روسی خاتون جیل منتقل

پولیس کے مطابق پاکستان آنے والی روسی خاتون کو کار سرکار میں مداخلت کے جرم میں ڈپلومیٹک انکلیو کے باہر سے جمعرات کو گرفتار کیا گیا تھا۔

29 جنوری 2019 کو اسلام آباد میں پولیس سپریم کورٹ کے باہر تعینات۔ شہر کی پولیس کے مطابق ایک روسی خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے پولیس کی جرسی پہنے ہوئے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہونے کی کو شش کی (اے ایف پی)

پنجاب پولیس کی جرسی میں ملبوس ہو کر اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی ایک روسی خاتون کو مقامی عدالت کے حکم پر اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق پاکستان آنے والی روسی خاتون کرسٹینا کو کار سرکار میں مداخلت کے جرم میں ڈپلومیٹک انکلیو کے باہر سے جمعرات کو گرفتار کیا گیا تھا۔

وفاقی دارالحکومت کے تھانہ سیکریٹیریٹ کے ایس ایچ او قربان علی کے مطابق 25 سالہ روسی خاتون جمعرات کی شام ڈپلومیٹک انکلیو پہنچیں تو انہوں نے پنجاب پولیس اہلکاروں کی جرسی پہن رکھی تھی۔

قربان علی کے مطابق کرسٹینا دو تین روز قبل روس سے ملتان پہنچیں تھیں جہاں مقامی پولیس نے انہیں گرفتار کیا اور روسی سفارت خانے کے حوالے کرنے کی غرض سے اسلام آباد لایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملتان سے اسلام آباد کے سفر کے دوران سردی کے باعث ایک پولیس اہلکار نے روسی خاتون کو اپنی جرسی پہننے کو دی جو انہوں نے واپس نہیں کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے بقول: ’یہ وہی جرسی تھی جو خاتون پہن کر ڈپلومیٹک انکلیو پہنچیں تھیں اور گرفتار کر لی گئیں۔‘

اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹیریٹ میں درج مقدمے کے مطابق روسی خاتون کو اسلام آباد میں روس کے سفارت خانے کے عملے کے حوالے کیا گیا، جنہوں نے انہیں ایک ہوٹل میں رکھا۔

قربان علی نے بتایا کہ روسی سفارت خانہ انہیں واپس اپنے ملک بھیجنا چاہتا ہے، اور اسی وجہ سے ان کے ویزے کی منسوخی کے لیے درخواست دی گئی تھی۔

تاہم خاتون نے ہوٹل سے نکل کر جمعرات کی شام روسی سفارت خانے پہنچنے کی کوشش کی، اور ڈپلومیٹک انکلیو کے گیٹ نمبر چار پر گرفتار کر لی گئیں۔

قربان علی کے مطابق جمعے کی صبح روسی خاتون کو اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جس نے کار سرکار میں مداخلت کے جرم میں انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں کرسٹینا کے ویزے کی منسوخی کا امکان ہے، جس کے بعد انہیں واپس ان کے وطن بھیج دیا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان