پاکستان کا 750 کلومیٹر تک مار کرنے والے فتح-4 کروز میزائل کا ’کامیاب تجربہ‘

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل زمین کے ساتھ فضائی اور اعلیٰ معیار کے نیویگیشنل آلات سے مزین ہے۔

پاکستان نے منگل کو فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا (آئی ایس پی آر)

پاکستان فوج نے منگل کو بتایا ہے کہ اس نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے جو 750 کلومیٹر دور تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ میزائل زمین کے ساتھ فضائی اور اعلیٰ معیار کے نیویگیشنل آلات سے مزین ہے۔

بیان کے مطابق فتح-4 دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو زمین سے ہم آہنگ پرواز (Terrain Hugging) کے ذریعے چکما دینے اور اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستان فوج کے کامیاب تجربے پر صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد اور سروسز چیفس نے فوج، سائنس دانوں اور انجینیئرز کو مبارک باد پیش کی ہے۔

پاکستان میں اس میزائل کی سیریز کا آغاز 2021 میں فتح-1 کے تجربے سے ہوا تھا۔ فتح-1 کی رینج تقریباً 140 کلومیٹر تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے بعد 250 سے 400 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے فتح-2 کا تجربہ کیا گیا۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان مئی 2025 میں لڑائی کے دوران فتح میزائل کا عملی استعمال کیا گیا اور اس پیش رفت نے فتح پروگرام کی سٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا۔

اب فتح-4 کی شمولیت ہوئی ہے جس کے بارے میں آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ’آرمی راکٹ فورس کمانڈ کا حصہ ہونے کے ناطے یہ جدید ہتھیار پاکستان فوج کے روایتی میزائل نظاموں کی رینج، تباہ کن صلاحیت اور بقا کی صلاحیت کو مزید بڑھائے گا۔‘

پاکستان فوج کے مطابق منگل کو کیے گئے تجربے کو چیف آف جنرل سٹاف، پاکستان افواج کے سینیئر افسران اور منصوبے میں شریک سائنس دانوں اور انجینیئرز نے دیکھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان