دنیا کی تاریخ اگر عورتوں نے لکھی ہوتی تو کیا ہوتا؟ 

پتھر کے وہ اوزار جو لاکھوں سال پہلے کے انسان نے بنائے تھے، کیا آپ نے کبھی سوچا کہ شاید انہیں کسی عورت نے ایجاد کیا ہو؟

پتھر کے وہ اوزار جو لاکھوں سال پہلے کے انسان نے بنائے تھے، کیا آپ نے کبھی سوچا کہ شاید انہیں کسی عورت نے ایجاد کیا ہو؟ ہتھوڑی، درانتی کسی عورت نے ضرورت پڑنے پر پہلی بار بنائی ہو یا جو لفظ آپ اپنی زبان میں بولتے ہیں، کیا خبر یہ سب سے پہلے کسی عورت نے ادا کیے ہوں؟ ہڑپہ اور موہن جو دڑو کی عمارتوں اور ٹیکنالوجی میں کبھی کسی عورت مزدور کا خیال آیا بھی ہے؟ 

ہماری زبان کا طریقہ ایسا ہے کہ جب ہم کہتے ہیں پرانے زمانے کا انسان بڑا وحشی تھا تو سننے والے دماغوں میں سیدھی مردانہ ٹائپ تصویر بنتی ہے۔ ہمارے پاس یہ سہولت نہیں کہ ہم تھا یا تھے کی بجائے کوئی فی میل صیغہ استعمال کرلیں۔ انگریزی میں بھی Cave Men کہا جاتا ہے، کوئی خاص بات عورتوں سے متعلق ہوگی تو ویمن لفظ بولا جائے گا ورنہ وہی مین، ہر جگہ Men، کہ نہیں؟ 

مجھے آئلہ نے ایک بار کہا کہ بابا، دنیا کی تاریخ ساری مردوں نے لکھی ہے۔ پھر اس نے  سمجھایا کہ دیکھیں جتنے بھی تاریخ دان تھے، وہ مرد تھے کہ نہیں؟ کوئی ہو گی ایک آدھ عورت لیکن دنیا بھر کی ہسٹری میں راوی کون ہے؟ مرد۔ تحریر میں لانے والے کون؟ مرد۔ چھاپنے والے کون؟ مرد۔ جنہوں نے لکھا ان کے گھر میں روزی روٹی کا کون بندوبست کرتا تھا، مرد۔ تو سب نے ایک مرد کی نظر سے دنیا میں جو کچھ دیکھا اور پھر جو کچھ لکھنا چاہا، وہ لکھ دیا۔ اس سب کے بیچ عورتیں کہاں گئیں؟ 

شروع سے دنیا میں عورتوں اور مردوں کی تعداد ایک نسبت ایک (1:1) چل رہی ہے۔ 2021 میں بھی ہر سو لڑکیوں کے مقابلے میں ایک سو لڑکے پیدا ہوئے۔ مطلب کیا؟ سیدھی بات ہے، وہ جو ہر سو مرد کے مقابلے میں سو عورت تھی، وہ کہاں گئی؟ اسے تاریخ نے کھا لیا یا مردوں نے؟ 

گھروں میں بیٹی ہوتے ہوئے بھی مرد مہینے کے مخصوص دنوں میں عورت کے مسائل کا اندازہ کیوں نہیں کرسکتے؟ عورتوں سے متعلق ہر علم اتنا چھپا ہوا کیوں ہے؟ ہارمون اور موڈ سوئنگز میں کیا تعلق ہے، پی سی اوز اور موٹاپے میں کیا فرق ہے، پی ایم ایس کس کبوتر کا نام ہے، آپ کیا جانتے ہیں اس کے بارے میں؟

عورتوں کو مردوں کے ہر مسئلے کا پتہ ہے، دیواریں بھری پڑی ہیں آپ کی، پرانی طبی کتابوں میں اکثر امراض کا تعلق یا آپ کے معدے سے نکلے گا یا وہاں سے جہاں بتانے کی بجائے آپ دیواری اصطلاحوں کا سہارا لیتے ہیں۔ سوال صرف اتنا ہے کہ عورت کی میڈیکل صورت حال اور تکالیف، سوائے بخار نزلے کھانسی کے، آپ کو سمجھ کیوں نہیں آتی؟ 

تاریخ عورتوں نے لکھی ہوتی تو بابا آج آپ اپنے مسئلوں کو لے کے سر اور وغیرہ وغیرہ پیٹ رہے ہوتے، وہ سکون میں ہوتیں۔

قدرت نے آپ میں صرف کروموسومز کا فرق رکھا تھا، آپ نے اسے مرد اور خاتون میں تقسیم کر دیا اور ذمے داریاں بھی بانٹ لیں، پیٹ میں بچے کی جنس شروع کے ہفتوں میں کیوں نہیں جانی جا سکتی؟ کیوں کہ اس وقت ہر بچہ فی میل شکل کے اعضا لیے ہوتا ہے۔ 

ہزاروں سالوں سے دنیا کی اصلاح کرنے والے جتنے اہم لوگ آئے ان میں کتنی عورتیں تھیں؟ بڑے لیڈروں میں آج تک کتنی خواتین آپ کو نظر آئیں؟ جنگوں میں عورتیں کیا ہمیشہ مرہم پٹی والے رول کرتی تھیں؟ لڑنے والی عورتوں کا ذکر کہاں گیا؟ کھیتی باڑی کرنے والے کے لیے کسان کا لفظ ہوتا ہے، جو ہزاروں عورتیں ساتھ ہوتی ہیں دھان کی بوائی سے گندم کٹائی یا کپاس چنائی تک، ان کے لیے کوئی لفظ بھی ہے؟ 

جیسے ہی کوئی عورت غلطی سے تاریخ کے پنوں پہ آئے گی، خوبصورتی، لباس یا جسم اس کے سارے کارنامے کھا جائے گا۔ قلوپطرہ ماہر ریاضی دان بھی تھیں، شاعر تھیں، فلاسفر تھیں، آپ کو اس کی خوبصورتی اور چند طاق جفتی کارناموں کے علاوہ کیا معلوم تھا؟ ثانیہ مرزا ٹینس نہ کھیلیں تو کیا آپ انہیں دیکھنا چھوڑ دیں گے؟ لیڈی ڈیانا خوبصورت بالوں اور دلکش سراپے کے علاوہ کیا تھیں، شادی سے پہلے یا بعد میں انہوں نے بے گھر لوگوں اور بچوں کے لیے جو کچھ کیا، کیا آپ کو پتہ ہے؟

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فاطمہ جناح کے چاندی جیسے بال، غرارہ، کرتہ آپ کو یاد ہے، ایوب خان نے انتخابات میں انہیں کیسے ہرایا، یہ آپ کو معلوم ہے کیا؟ مارلن منرو اڑتے ہوئے ایک فراک کی تصویر کے علاوہ کیسی اداکار تھیں، آپ نے کبھی جاننے کی زحمت کی؟ 

عورتیں مردوں سے ملتی ہیں تو سب سے پہلے جوتے اور آنکھیں نوٹ کرتی ہیں۔ مرد جو کچھ نوٹ کرتے ہیں، پوری انسانی تاریخ بس اسی کا نام ہے۔

نیوکلیئر فیملی کا بھی مکمل انسانی تاریخ پہ قبضہ ہے۔ ایک ماں، ایک باپ، ان کے بچے۔ اسے نیوکلیئر فیملی کہتے ہیں۔ وہ خاندان جہاں مرد روزی روٹی کا ذمہ دار تھا۔ جائیں اور جا کے دیکھیں تاریخ بدلنے والوں میں اور لکھنے والوں اور اس کے اصول بنانے والوں میں کتنے لوگ تھے جو نیوکلیئر فیملی سے نہیں تھے، جن کے یہاں صرف ماں روزی کماتی تھی اور باپ تھا نہیں یا کام کوئی نہیں تھا۔

ان میں سے کتنے بچے سنگل پیرنٹس کے یہاں پلے؟ آپ کو بہت ہی کم تعداد ملے گی۔ کارل مارکس، پوپر، ڈرخائیم، پوٹر، ٹیلکارٹ، پارسنز تک جب خود نیوکلیئر فیملی سے تھے تو وہ کس حد تک سمجھ سکتے ہوں گے معاشرے میں ایسے خاندانوں کے مسائل جہاں صرف عورت بریڈ ونر ہو۔ کیا آپ کہہ سکتے ہیں کہ ان کی ریسرچ بائیسڈ نہیں تھی؟

ریسرچ کرنے والے مرد، فنڈز اور گرانٹس دینے والے مرد، حکومتوں میں اکثریت مردوں کی، جنگوں میں لڑائی کرنے والے سب مرد، تو عورت کا رول بہرحال کہاں اور کیسے ملے گا؟ 

عورتوں کو شامل کیا جائے، ان کی رائے لیں تو دنیا کے سارے سوشل مضامین دوبارہ تیار کرنے پڑیں گے، تاریخ سمیت! 

جب تک یہ نہیں ہوتا، آپ عورت کو جان سکتے ہیں نہ طلاق کی ایک دھبے والی شکل ختم ہو سکتی ہے، جوان بیٹیوں کو بوجھ سمجھنا کم ہو سکتا ہے نہ سنگل مدر کو عزت مل سکتی ہے، دفتروں میں کام کرنے والی خواتین کو مردوں سے زیادہ تنخواہ مل سکتی ہے، نہ ان کے مسائل سے مردوں کی لاتعلقی کم ہو سکتی ہے اور نہ کسی دوسری جنس سے متعلق افراد کی وہ عزت اور قبولیت ہوسکتی ہے جو صرف مردوں کے لیے ہماری دنیا میں مخصوص ہے۔ 

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ