’مداح پاکستان میں ہوں یا افغانستان میں، محبت اہم ہے‘

افغان کرکٹر اور سٹار بلے باز حضرت اللہ زازئی پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’پشاور زلمی کے مداح چاہے افغانستان میں ہوں یا پاکستان میں، زلمی کو سپورٹ کریں تو یہ بہت بڑی بات ہے۔‘

افغانستان کے سٹار بلے باز اور پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کے سکواڈ کا حصہ حضرت اللہ زازئی کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کے مداح پاکستان میں ہوں یا افغانستان میں، ان کی محبت ہی ٹیم کے لیے اہم ہے۔ 

انڈپینڈنٹ اردو کے ساتھ خصوصی گفتگو میں حضرت اللہ زازئی کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر زلمی کے لیے کھیلنا ان کے لیے خوشی کی بات ہے۔ 

افغانستان کی طرف سے بین الاقوامی ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی سکور، 162 رنز، کی ناٹ آؤٹ انگز کھیلنے والے زازئی نے کہا: ’گذشتہ سال بھی اچھی کاکردگی تھی۔ اس سال ہم پہلے سے بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ امید ہے کہ ہم فائنل جیتنے کی کوشش کریں۔‘

انڈپینڈنٹ اردو کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے زازئی کا کہنا تھا کہ ’پشاور زلمی کا سکواڈ بہت زبردست ہے۔ ایک متوازن سکواڈ ہے۔ ہر طرح کے بلے باز اور بولرز ٹیم میں شامل ہیں۔ سب کی کوشش یہی ہو گی کہ ہم فائنل جیت جائیں۔‘

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے ساتھ اپنے سفر کے دوران بہترین کوچز سے تربیت کے مواقع ملنے پر حضرت اللہ زازئی نے کہا: ’کوچز میں گذشتہ سال انضمام سر تھے۔ اب ہاشم آملہ ہیں۔ محمد اکرم بھائی ہیں۔ ان سب سے مل کر بہت خوشی ہوئی تھی اور بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ اس مرتبہ بھی ہم بہت کچھ سکیھیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ بات قابل غور ہے کہ ابھی تک حضرت اللہ زازئی نے پاکستان سپر لیگ کے صرف پانچ میچز کھیلے ہیں لیکن اپنی کارکردگی اور بہترین بلے بازی سے 185.96 کا سٹرائیک ریٹ حاصل کر چکے ہیں۔ پانچ میچوں میں  42.40 کی اوسط سے انہوں نے 212 رنز بنائے ہیں اور ان کا بہترین سکور 77 ہے۔

پی ایس ایل میں دیگر ٹیموں کے بولنگ اٹیک اور پشاور زلمی کی جیت کے امکانات پر زازئی نے کہا کہ ہر ٹیم کی کوشش ہوگی کہ وہ فائنل جیتے اور ان کی بھی یہی کوشش ہوگی۔ 

ان کا کہنا تھا: ’ہر ٹیم میں اچھے بولرز ہیں۔ یہ میرے لیے بھی اچھی بات ہے اور باقی کھلاڑیوں کے لیے بھی اچھی بات ہے کہ جو ایسے بولرز کا سامنا کریں اور کارکردگی دکھائیں۔‘

ان سے پوچھا گیا کہ شائقین کا کیا پیغام دیں گے تو ان کا کہنا تھا: ’اپنی دعاؤں میں ہمیں یاد رکھیں۔ جس طرح گذشتہ سال ہمیں سپورٹ کیا، اس سال بھی سپورٹ کریں۔ ہم کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش کریں گے۔‘

23 مارچ 1998 کو افغان صوبے پکتیا میں پیدا ہونے والے حضرت اللہ زازئی نے 2016 میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز آبائی ملک افغانستان کی کرکٹ ٹیم سے کیا۔

وہ بین الاقوامی ٹی 20 کرکٹ میں اب تک 20 میچز کھیل چکے ہیں جن میں 34.84 کی اوسط اور 147.76 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 662 رنز بنا چکے ہیں۔

مختصر دورانیے کے اس فارمیٹ میں ان کا اب تک کا بہترین سکور 162 رنز ہے جو انہوں نے صرف 62 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے فروری 2019 میں آئرلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل