لاہور: ’شاپنگ پلازہ میں آگ کی وجہ کا تعین تحقیقات کے بعد ہوگا‘

لاہور کے علاقے گلبرگ میں کئی منزلہ پیس شاپنگ مال میں رات کو دیر سے آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پانے میں چھ گھنٹے لگے۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ابھی آگ کی وجہ کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔

لاہور میں انظامیہ کا کہنا ہے کہ مرکزی علاقے گلبرگ میں ایک بڑے شاپنگ مال میں رات گئے لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور اور ریسکیو اہلکاروں کے مطابق فائر فائٹرز نے گلبرگ میں واقع پیس شاپنگ مال میں لگی آگ پر قابو پا لیا ہے۔

کئی منزلہ شاپنگ مال میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد آگ بھجانے والا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔

ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق آگ بھجانے کا آپریشن آدھی رات سے بغیر کسی وقفے کے صبح تک جاری رہا جس میں آگ بھجانے والی 20 گاڑیوں اور 60 ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا۔

آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے قریبی اضلاع سے آگ بھجانے والے عملے کو بھی مدد کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ صبح تک آگ پر قابو پا لیا گیا تھا اور اب فائر فائٹر نے کولنگ کا عمل شروع کردیا ہے۔

ترجمان کے بیان کے مطابق پلازہ میں فائر سیفٹی کے انتظامات نہیں تھے، تاہم ملحقہ تمام عمارات آگ سے مکمل محفوظ ہیں۔

فی الحال کسی کے زخمی یا لاپتہ ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جنگ ڈاٹ کام کے مطابق عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے جس میں ریڈی میڈ ملبوسات اور موبائل فونز سمیت دیگر اشیا کی 400 سے زائد دکانیں اور کئی کاونٹر تھے۔

فائر افسر عمران رائے کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا ہے کہ آگ پہلی منزل پر لگی اور جلد ہی دوسری اور تیسری منزل کو لپیٹ میں لے لیا۔

شاپنگ مال بنانے والے گروپ کی ویب سائٹ کے مطابق یہ پانچ منزلہ عمارت 1995 میں بنی۔ اس کی  تعمیر نو 2001 میں ہوئی اور اس میں فائر الارم اور آگ کی صورت میں ہنگامی خارجی راستے بھی ہیں۔

حکام اور ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ کے بارے میں ابھی زیادہ معلوم نہیں اور تحقیقات کے بعد پتہ چلے گا۔ تاہم کچھ تاجروں کا دعویٰ ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے نہیں لگی۔

محمد جہانگیر نے بتایا کہ وہ کئی سالوں سے اس پلازہ میں چوتھی منزل پر دکان چلا رہے ہیں۔

ان کے مطابق آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ نہیں ہوسکتی کیونکہ ہر دکان کے بجلی کے بریکر الگ الگ لگے ہوئے ہیں اور مارکیٹ بند ہونے سے پہلے عمارت کی انتظامیہ کا عملہ اور گارڈ تمام دروازوں اور لائٹوں وغیرہ کو چیک کرتا ہے اور سب ٹھیک ہے کی رپورٹ کے بعد ہی پلازے کو بند کرتا ہے۔

ان کے بقول آگ بھجانے والے عملے نے بھی اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔ انہوں نے دکانداروں کے نقصان کا ذمہ دار شاپنگ مال کی انتظامیہ کی غفلت کو ٹھہرایا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان