پاکستان میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے مبینہ خط پر سوال اٹھائے جانے کے بعد وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ’دھمکی آمیز خط‘ چیف جسٹس آف پاکستان کو دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اتوار کو ایک جلسہ عام سے خطاب میں ایک کاغذ دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت کو ’لکھ کر دھمکی دی گئی ہے۔‘
اس حوالے سے گذشتہ دو روز سے حزب اختلاف کے قائدین کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ عمران خان وہ خط دکھائیں اور اگر ان کی بات صحیح ثابت ہوئی تو وہ بھی ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے خط کے حوالے سے بات کی اور کہا کہ عمران خان دھمکی آمیز خط چیف جسٹس کو دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
تاہم ساتھ ہی اسد عمر نے الزام لگایا کہ ’اس سازش میں نواز شریف ملوث ہیں جبکہ بیرونی عناصر بھی شامل ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اجازت نہیں ہے کہ اس خط میں لکھے الفاظ بتا سکوں لیکن کلیدی باتیں دہرا دیتا ہوں یا وہ حصہ جو عدم اعتماد سے جڑتا ہے اس کی اہم باتیں کیا ہیں۔‘
’منحرف اراکین اس سازش سے لاعلم ہیں لیکن اگر یہ سب کچھ انہیں معلوم ہو گیا تو کیا وہ عدم اعتماد تحریک کا ساتھ دیں گے؟ نیز خط کی تاریخ عدم اعتماد سے پہلے کی ہے۔‘
ان کے ہمراہ موجود وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’ہمارا کام ہے کہ ہر چیز عوام کے سامنے رکھیں۔ اس خط میں عدم اعتماد تحریک کا بھی ذکر ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’خط میں دوٹوک الفاظ میں لکھا ہے کہ اگر وزیر اعظم اس منصب پر برقرار رہتے ہیں تو نتائج خطرناک ہوں گے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’قانونی بندشوں کے سبب یہ مراسلہ صرف اعلیٰ ترین فوجی قیادت اور کابینہ کے کچھ اراکین کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے، اس لیے وزیر اعظم نے یہ سپریم کورٹ میں پیش کرنے کے لیے کہا ہے۔‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ ’اس مراسلے میں براہِ راست پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ذکر ہو رہا ہے، تو یہ بات واضح ہے کہ مراسلے میں پیغام دیا گیا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک اور بیرونی ہاتھ آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔‘
جب ان سے سوال کیا گیا کہ یہ مراسلہ کس نے بھیجا ہے تو اسد عمر کا کہنا تھا کہ ’ہم اس پر بات نہیں کریں گے کہ یہ مراسلہ کہاں سے آیا یا کس نے بھیجا۔‘
اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں بیرونی سازش کوئی نئی بات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان دلیر آدمی ہیں، عوام کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ اس میں نواز شریف ملوث ہیں جو لندن میں بیٹھ کر ملاقات کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم چاہیں گے تو تفصیلات بتا دیں گے، پی ڈی ایم کی سینیئر لیڈر شپ اس بات سے لاعلم نہیں ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ان حالات کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم کے خیال میں یہ ضروری ہے کہ عوام کو آگاہ کیا جائے۔‘
بعض تکنیکی مسائل کی وجہ سے ہماری ویب سائٹ پر کچھ لفظ درست طریقے سے دکھائی نہیں دے رہے۔ ہم اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ادارہ اس کے لیے آپ سے معذرت خواہ ہے۔