جانوروں میں لمپی سکن: ’ عید سے پہلے قابو پالیں گے‘

صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ فشریز نے کہا کہ ’لمپی ویک‘ کی چالیس لاکھ ڈوزز ترکی سے منگوالی گئی ہیں اور بدھ سے سندھ بھر میں ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ فشریز نے ’لمپیویک‘ ویکسین کی افتتاحی تقریب میں بتایا کہ چالیس لاکھ ویکسین کی ڈوزز ترکی سے منگوالی گئی ہیں اور بدھ سے سندھ بھر میں ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کیا جائے گا اور حکام کا دعویٰ ہے کہ بیماری پر عیدالاضحیٰ سے پہلے مکمل قابو پا لیا جائے گا۔

صوبائی وزیر انجنیئر عبدالباری پتافی نے کراچی کی بھینس کالونی میں واقع جانوروں کے سرکاری ہسپتال میں ہونے والی تقریب میں کہا، ’سندھ میں لمپی سکن واٸرس کو کنٹرول کرنے کے لیۓ 40 لاکھ ویکسین ڈوزز منگواٸی ہیں جس کی پہلی 19 لاکھ ڈوز کی کھیپ مل چکی ہے اور سندھ بھر میں ان کی ترسیل کردی گئی ہے۔ بقیہ ڈوزز بھی کچھ ہفتوں میں موصول ہوجائیں گی۔‘

انہوں نے کہا، ’سندھ وہ واحد صوبہ ہے جس نے بروقت اس واٸرس کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے۔ سندھ بھر کے کسانوں کی پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے فوری اقدامات اٹھائے لیکن کچھ مساٸل وفاق کی جانب سے پیش آئے جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔‘

’لمپی سکن واٸرس میں متاثرہ گائیں کا تناسب اس وقت بہت کم ہے اور ہم ویکسین کے ذریعے اس بیماری کو پوری ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ جلد ہی پاکستان میں بھی اس وائرس کی ویکسین بنائی جائے گی۔‘

انہوں نے کسانوں سے گزارش کی کہ وہ بروقت سندھ گورنمنٹ کے سینٹرز پر جا کر نماٸندوں سے ملیں اور جانوروں کو ویکسین کے لیے رجسٹر کرواٸیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر افزائش نسل (اینیمل ہسبینڈری) ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو کا کہنا تھا کہ اس لمپی ویک ویکسین دو سے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ پر بھی رکھی جاتی ہے۔ اس کی ایک وائل سے تقریبا 25 گائیوں کو ویکسین لگائی جاسکتی ہے۔

’لمپی ویک ویکسین ہم نے ترکی میں پیٹرولوسب لیب سے منگوائی ہے جس کی پہلی کھیپ پہنچ چکی ہے۔ بدھ سے ہم بیس دنوں کی مہم کا آغاز کر رہے ہیں جس میں روزانہ بڑے شہروں سمیت چھوٹے شہروں اور گاؤں گوٹھ میں بھی یہ ویکسین لگائی جائے گی۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ویکسین صرف گائے کو ہی لگائی جائے گی، کیوں کہ پاکستان میں لمپی سکن وائرس کی بیماری بھینس میں نہیں پہلی۔

’اس مہم کے لیے ہم نے جانوروں کو تین درجوں میں تقسیم کیا ہے۔ سب سے پہلے سندھ بریڈنگ اتھارٹی کے تحت رجسٹرڈ فارمز کے جانوروں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ دوسری ترجیح پر ہم نے ایگزوٹک بریڈ (exotic breed) اور کراس بریڈ کو رکھا ہے کیوں کہ ان میں یہ بیماری زیادہ پائی گئی ہے۔ تیسرے درجے پر ہم نے لوکل بریڈ کو رکھا ہے کیوں اس میں یہ بیماری کم سے کم پائی گئی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ لمپی ویک ویکسین کی مہم کے لیے فارمز کو بھی دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہماری پہلی ترجیح ان فارمز میں ویکسین لگانا ہے جہاں کوئی بھی گائے اس بیماری کا شکار نہیں ہوئی ہے۔ جن فارمز کی کچھ گائے میں یہ بیماری پائی گئی ہے وہاں بعد میں ویکسین لگائی جائے گی۔

عید الاضحیٰ کے موقعے پر صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگتی ہے۔ مگر اس وائرس کی وجہ سے کئی فارمرز انتہائی پریشان ہیں کیوں کہ ناصرف ان کے جانور مر رہے ہیں بلکہ ان کے لاکھوں روپے بھی ضائع ہو رہے ہیں۔

اس حوالے سے ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو نے کہا، ’عید الاضحیٰ سے پہلے ہی اس بیماری پر مکمل طور پر قابو پالیا جائے گا۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان