سوات میں مسجد نبوی کی طرز پر بنی مسجد

یہ مسجد سعودی عرب سے لوٹ کر آنے والے ایک شخص نے اپنی مدد آپ کے تحت بنائی ہے جسے دیکھنے دور دور سے لوگ آتے ہیں۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر سوات میں مسجد نبوی کی طرز پر ایک مسجد قائم کی گئی ہے جسے دیکھنے کے لیے لوگ دو دراز کے علاقوں سے آتے ہیں۔

مسجد کی ایک خاص بات اس کے مینار اور گنبد ہیں جو مسجد نبوی کی طرح بنے ہوئے ہیں۔

43 سال سعودی عرب میں رہنے کے بعد سوات کی تحصیل خوازہ خیلہ کے علاقے راحت آباد میں واپس آنے والے فضل الرحمٰن خان نے اپنی مدد آپ کے تحت اسے بنایا ہے۔

فضل الرحمٰن نے بتایا کہ مسجد بنانے کی خواہش ان کے دل میں بہت پہلے سے تھی۔

ان کے مطابق: ’میں نے سعودی عرب میں متعدد بار مسجد نبوی کی زیارت کی۔ میری خواہش تھی کہ سوات میں ایسی مسجد بنائی جائے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’تمام مسلمانوں کے لیے مسجد نبوی ایک مقدس مقام ہے جس سے ہمارے لوگوں کی مذہبی وابستگی ہے تو میں نے فیصلہ کیا کہ اپنے آبائی گاؤں میں مسجد ضرور تعمیر کروں گا۔‘

فضل الرحمن نے بتایا کہ مسجد کی تمیر پر انہوں نے 2019 میں کام شروع کیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے 2021  میں اس کی تعمیر مکمل ہوئی اور سب سے زیادہ وقت مسجد کے گنبد اور مینار بنانے میں لگا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’مسجد کی تعمیر کے لیے کاریگروں کی ضرورت پیش آئی تو میں نے ملک کے دیگر علاقوں سے خصوصی طور پر کاریگر بلائے جو دو سال تک ہمارے ساتھ رہے۔ ‘

فضل الرحمٰن کے مطابق اس کے لیے انہوں نے بہت سارا میٹریل تھائی لینڈ سے منگوایا۔

فضل الرحمن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’میری کوشش ہے کہ اس مسجد میں خواتین کی نمازاور تراویح کے لیے جگہ مخصوص کی جائے۔‘

سوات میں بہت سی تاریخی مساجد موجود ہیں جو اپنی خاص پہچان رکھتی ہیں لیکن خوازہ خیلہ میں اس مسجد کا نظارہ ہی الگ ہے۔

مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے آئے سیف الاسلام ایڈوکیٹ نے انڈپینڈنٹ اُردو کو بتایا کہ وہ سیر و تفریح کی غرض سے سیاحتی مقامات کی طرف جا رہے تھے تو مسجد کے لیے خصوصی طور پر خوازہ خیلہ کا رخ کیا۔

’میں نے یہاں نماز پڑھی تو دل کو سکون مل گیا، ایسے لگا کہ میں واقعی مسجد نبوی میں موجود ہوں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا