سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان 18 اہم معاہدوں پر دستخط

دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدے مختلف شعبہ جات سے متعلق ہیں جن میں توانائی، سرمایہ کاری، مواصلات اور صحت کے شعبے شامل ہیں۔

15 جولائی 2022 کی اس تصویر میں امریکی صدر جوبائیڈن اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات کا ایک منظر(فوٹو: اے ایف پی)

امریکی صدر جو بائیڈن کے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر سعودی وزرا اور امریکی حکام کے درمیان 18 اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق یہ معاہدے مختلف شعبہ جات سے متعلق ہیں جن میں توانائی، سرمایہ کاری، مواصلات اور صحت کے شعبے شامل ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ان معاہدوں سے سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، سپیس اور صحت کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

یہ معاہدے سعودی ویژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبے کے مطابق ہیں، جن کا مقصد امید افزا شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ہے۔

13 معاہدے، جن پر امریکی صدر جو بائیڈن کے دورہ سعودی عرب کے دوران دستخط کیے گئے، وزارت سرمایہ کاری، جبیل اور یانبو کے لیے شاہی کمیشن اور نجی شعبے کی متعدد کمپنیوں کے ساتھ کیے گئے تھے۔

ان معاہدوں میں معروف امریکی کمپنی بوئنگ ایرو اسپیس، ریتھیون ڈیفنس انڈسٹریز، میڈٹرونک اینڈ ڈیجیٹل ڈائیگناسٹک، صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں آئی کے وی آئی اے (IKVIA) اور توانائی، سیاحت، تعلیم، مینوفیکچرنگ اور ٹیکسٹائل کے شعبوں کی کئی امریکی کمپنیاں شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سعودی خلائی اتھارٹی نے ناسا کے ساتھ آرٹیمس معاہدے پر بھی دستخط کیے، جس سے چاند اور مریخ پر مشترکہ مشن کا موقع ملے گا۔

وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹکنالوجی نے آئی بی ایم کے ساتھ تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ ایک لاکھ نوجوان خواتین اور مردوں کو پانچ سال کے دوران آٹھ شعبوں میں اعلیٰ معیار کی تربیت دی جا سکے، جس سے سعودی عرب کو مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں ٹیکنالوجی اور ایجادات کے مرکز کے طور پر ابھرنے کا موقع ملے گا۔

وزارت نے یو ایس نیشنل کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے ساتھ تعاون کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں، جس میں دونوں ممالک کے درمیان فائیو جی اور سکس جی ٹیکنالوجیز پر تعاون شامل ہے۔

معاہدے کا ہدف ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کو تیز دینا اور مملکت میں تحقیق، ترقی اور ایجادات کی رفتار کو بڑھانا ہے۔

سعودی اور امریکی توانائی کی وزارتوں نے صاف توانائی سے متعلق شراکت داری کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں، جس میں سول جوہری توانائی اور یورینیم پر تعاون کے ساتھ اس شعبے کے کئی اور منصوبے بھی شامل ہیں، جس سے صاف توانائی اور موسمیاتی تحفظ کو فروغ دینے میں دونوں ممالک کی کوششوں کو تقویت ملتی ہے۔

دونوں ممالک کی صحت کی وزارتوں نے صحت عامہ، طبی علوم اور تحقیق پر تعاون کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد افراد، تنظیموں اور اداروں کے درمیان صحت عامہ میں موجودہ تعلقات کو فروغ اور تقویت دینا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا