چین کا وسطِ خزاں کا تہوار

چین کے اس دوسرے بڑے تہوار کا چاند اور مون کیک سے خاص تعلق ہے۔

10 ستمبر، 2022 کی اس تصویر میں چینی شہری شنگھائی شہر میں وسط خزاں کے تہوار کے دوران پورے چاند کے نظارے کا لطف لیتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں(اے ایف پی)

چینی آج بھی اپنے روایتی تہوار خاصے جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ چین میں 10 ستمبر کو وسطِ خزاں کا تہوار منایا گیا، جسے چینی ثقافت میں خاص اہمیت حاصل ہے۔

چینیوں کا سب سے بڑا تہوار ان کے نئے قمری سال کا جشن ہوتا ہے۔ چینی اسے بہار کا تہوار کہتے ہیں۔

چین میں دوسرا بڑا تہوار خزاں کے عین درمیان میں آتا ہے۔ اس تہوار کو اسی مناسبت سے وسطِ خزاں کا تہوار کہا جاتا ہے۔

یہ تہوار چینی قمری کیلنڈر کے آٹھویں مہینے کی 15 تاریخ کو منایا جاتا ہے۔ اس تہوار کا چاند سے گہرا تعلق ہے۔

چینی اس تہوار پر اپنے خاندان والوں کے ساتھ اکٹھے ہو کر چاند دیکھتے ہیں اور اس کی خوبصورتی سراہتے ہیں۔ چینی اس موقعے پر چاند کی شکل کے مون کیک بھی کھاتے ہیں۔

مون کیک عام کیک سے قدرے مختلف ہوتے ہیں۔ ان کی شکل گول اور سائز ہتھیلی جتنا ہوتا ہے۔

ان کی بیرونی سطح آٹے کی پیسٹری سے بنی ہوتی ہے اور اندر خشک میوہ جات، گلاب کی پتیاں اور سرخ لوبیے کی مزے دار بھرائی ہوتی ہے۔

ایک قسم کے مون کیک میں نمکین انڈے کی زردی بھری جاتی ہے۔ یہ ذائقے میں انتہائی برا ہوتا ہے۔ دیگر ذائقوں کے مون کیک اچھے ہوتے ہیں۔  

 مون کیک اسی تہوار کے قریب نظر آتے ہیں۔ بازار اور سپر مارکیٹیں مون کیکس سے بھر جاتی ہیں۔ لوگ خوبصورت پیکنگ میں مون کیک خرید کر اپنےعزیزوں کو بطور تحفہ بھیجتے ہیں۔

اس تہوار کی تاریخ کافی پرانی ہے۔ چینی شانگ بادشاہت کے دور میں موسمِ خزاں میں اچھی فصل ہونے پر مکمل چاند کی رات جشن منایا کرتے تھے۔

اس کے بعد آنے والی ژاؤ بادشاہت میں بادشاہ موسمِ خزاں میں مکمل چاند کی رات چاند کی دیوی کی عبادت کرتے ہوئے گزارا کرتے تھے۔

ان کا ماننا تھا کہ چاند کی دیوی ان کی عبادت سے خوش ہو کر ان کی فصل پر اپنا خاص کرم کرے گی جس سے فصل اچھی ہوگی۔

تانگ بادشاہت میں ملک کے امرا نے چاند کی باقاعدہ عبادت کرنا شروع کر دی۔ انہوں نے اس عبادت کو ایک تہوار کا رنگ دے دیا۔

وہ مکمل چاند کی رات اپنے گھروں میں عزیز و اقارب کے لیے بڑی بڑی دعوتیں رکھتے اور انواع و اقسام کے کھانے کھاتے اور شراب پیتے۔ 

 ان کی دیکھا دیکھی چین کے عام لوگوں نے بھی اس رات کو ایک تہوار کے طور پر منانا شروع کر دیا۔

وہ بڑی بڑی دعوتیں تو نہیں کر سکتے تھے لیکن آپس میں اکٹھے ہو کر چاند دیکھتے اور اس کی تعریف کرتے تھے۔ انہوں نے اس تہوار کو خاندان کے مل بیٹھنے کا بہانہ بنا لیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سانگ خاندان کے دورِ حکومت میں اس تہوار کو باقاعدہ قبول کرتے ہوئے وسط خزاں کا تہوار قرار دے دیا گیا۔

یوآن خاندان کے دورِ حکومت میں اس تہوار پر چاند کی شکل کے چھوٹے چھوٹے کیک بننے لگے، جنھیں انگریزی میں مون کیک اور چینی زبان میں یوئے بِنگ کہا جاتا ہے۔

روایتی طور پر چینیوں کا اس تہوار کے لیے اپنے گھر والوں کے ساتھ اکٹھا ہونا ضروری ہے لیکن جدید دور کی مصروفیات کی وجہ سے چینی اس تہوار پر بہار کے تہوار کی طرح اپنے خاندان والوں کے ساتھ اکٹھے نہیں ہو پاتے۔

وہ جہاں ہوں وہیں اپنے رشتے داروں اور دوستوں کے ساتھ مل کر اس تہوار کو منا لیتے ہیں۔

اس تہوار کے بعد اکتوبر میں چین کا قومی دن آ جاتا ہے۔ اس کے لیے چینیوں کو ایک ہفتے کی چھٹیاں ملتی ہیں۔

چینی اس ہفتے کو سنہرا ہفتہ کہتے ہیں۔ چینی اپنے سیر و سیاحت کے منصوبے اس ہفتے کے لیے سنبھال کر رکھتے ہیں۔

خیر یہ تو کرونا سے پہلے کی باتیں ہیں۔ کرونا کے بعد بہت سے چینی اندرون ملک بھی سیاحت کے لیے نہیں جا سکے۔

میری پی ایچ ڈی کی سپروائزر ہر سال اپنا سنہرا ہفتہ شوہر اور بچوں کے ساتھ کسی نہ کسی ملک کی سیاحت کرتے ہوئے گزارتی تھیں۔ وہ پچھلے تین سالوں سے بیجنگ میں مقید ہیں۔ 

ان کی طرح بہت سے چینی پچھلے تین سالوں سے اپنی چھٹیاں اور تہوار کرونا وبا کی وجہ سے پہلے کی طرح نہیں منا پا رہے۔

انہیں ڈر ہے کہ وہ چین میں بھی کہیں سیر کرنے گئے اور اس جگہ کرونا کا ایک مثبت کیس سامنے آ گیا تو انہیں سخت مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ