سرفہ رنگا کار ریلی میں فری سٹائل پولو اور زخ کے مقابلے

گلگت بلتستان کے ان قدیم کھیلوں کے مقابلے اس علاقے کی ثقافت کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہیں۔

دنیا کے سرد ترین صحرا سرفہ رنگا میں ہفتے کو کار ریلی کے دوسرے روز فری سٹائل پولو اور زخ (کشتی رانی) کے مقابلے ہوئے جبکہ آج یعنی 16 اکتوبر کو کار ریس کا فائنل ہوگا۔

پولو کو بادشاہوں کا کھیل کہا جاتا ہے۔ یہ کھیل گلگت بلتستان میں راجے اور مہاراجے کھیلا کرتے تھے، یہی وجہ ہے کہ گلگت بلتستان میں کئی مقامات پر پولو گراؤنڈ موجود ہیں، جہاں ہر سال پولو ایونٹ کا انعقاد ہوتا ہے۔

گلگت بلتستان میں فری سٹائل پولو کھیلی جاتی ہے، جس میں کوئی امپائر اور قواعد نہیں ہوتے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فری سٹال پولو کے ایک کھلاڑی راجا معظم نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ فری سٹائل پولو میں شریک گھوڑوں کو دو تین سال تربیت دی جاتی ہے اور اس کے بعد انہیں کھیل میں شامل کیا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گھوڑا پالنا مشکل ہے، لیکن وہ شوق کے تحت یہ سب کام کرتے ہیں۔

پولو ٹیمیں علاقائی لحاظ سے تیار کی گئی ہیں، جیسے سکردو پولو ٹیم، رونڈو پولو ٹیم، کھرمنگ پولو ٹیم، شگر پولو ٹیم، ڈگونی پولو ٹیم، کھپلو پولو ٹیم، چوربت پولو ٹیم اور مشبرم پولو ٹیم۔

شگر اور سکردو کی ٹیمیں اس کھیل میں بہترین سمجھی جاتی ہیں۔ ہر ٹیم چھ کھلاڑیوں مشتمل ہوتی ہے۔

زخ کے مقابلے

پولو کے ساتھ ہفتے کو زخ کے مقابلے بھی ہوئے۔ زخ ایک مقامی کشتی ہے جسے کئی مشکوں کو جوڑ کر بنایا جاتا ہے۔

پرانے زمانے میں زخ کے ذریعے دریا پار کیا جاتا تھا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ زخ بنانے کا عمل متروک ہوتا چلا گیا۔ تاہم بلتستان کے اس قدیم ثقافتی ورثے کو زندہ رکھنے کے لیے ہر سال زخ کے مقابلے ہوتے ہیں جو دریائے سندھ میں کروائے جاتے ہیں۔

گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت راجہ ناصر علی خان نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ زخ اور پولو گلگت بلتستان کی اہم ثقافت ہے، اس ثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے پولو اور زخ کے مقابلے رکھے گئے ہیں۔

دوسری جانب اماچہ پولو گراؤنڈ میں جاری سرفہ رنگا پولو کپ شگر اے نے جیت لیا۔ فائنل میں شگر اے نے شگر ریڈ کو 4-9 ہرا دیا۔

آج کل کے دور میں یہ کھیل اس علاقے کی ثقافت کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل