امریکہ: نینسی پیلوسی کے شوہر ہتھوڑے کے حملے میں زخمی

امریکی صدر جو بائیڈن نے ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر پر حملے کو ’قابل نفرت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی تشدد کی امریکہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

23 اپریل 2019 کی اس تصویر میں امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی (دائیں) اور ان کے شوہر پال پیلوسی نیویارک کے لنکن سینٹر میں ٹائم 100 گالا میں موجود ہیں۔ پال پیلوسی پر ان کے گھر میں ہتھوڑے سے حملہ کیا گیا، جس سے وہ زخمی ہوگئے (اے ایف پی)

امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر اس وقت شدید زخمی ہو گئے جب ایک حملہ آور نے کیلیفورنیا میں واقع ان کے گھر میں گھس کر ان پر ہتھوڑے سے حملہ کر دیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیلوسی کے ترجمان ڈریو ہیمل نے کہا کہ پال پیلوسی پر ایک حملہ آور نے گھر میں داخل ہو کر حملہ کیا، جس سے ان کی کھوپڑی میں فریکچر ہوگیا۔

ترجمان کے مطابق حملہ آور سپیکر نینسی پیلوسی کی تلاش میں تھا اور پال گھر پر اکیلے تھے کیوں کہ ان کی بیوی بطور سپیکر خدمات کے لیے واشنگٹن میں موجود تھیں۔

حکام نے کہا ہے کہ 82 سالہ پال پیلوسی کی حملے کے بعد سرجری ہوئی اور وہ اب ہسپتال میں صحت یاب ہو رہے ہیں۔

سان فرانسسکو پولیس نے کہا کہ افسران نے حملہ آور کو پیلوسی کے گھر سے رات ڈھائی بجے حراست میں لیا۔

سان فرانسسکو پولیس کے سربراہ بل سکاٹ نے صحافیوں کو بتایا: ’مشتبہ شخص نے پال پیلوسی سے ہتھوڑا کھینچ لیا اور اس سے ان پر حملہ کر دیا۔‘

بعدازاں انہوں نے بتایا کہ پال پیلوسی کو کم از کم ایک بار ہتھوڑا مارا گیا تھا۔

حملہ آور کی شناخت 42 سالہ ڈیوڈ ڈی پاپے کے طور پر کی گئی ہے، تاہم پولیس نے مزید سوالات کے جواب دینے سے انکار کردیا۔

جمعے کی شام ایک پریس کانفرنس میں سان فرانسسکو پولیس کے سربراہ بل سکاٹ نے کہا کہ مشتبہ شخص اب بھی ہسپتال میں ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ اس جرم کے مبینہ محرکات کو عوامی طور پر ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔

سکاٹ نے کہا: ’یہ ایک منصوبہ بندی سے انجام دیا گیا عمل تھا۔ یہ جان بوجھ کیا گیا اور یہ غلط ہے۔ آج صبح جو کچھ ہوا اس سے ہر ایک کو ناگوار احساس ہوا۔‘

امریکی میڈیا نے خاندانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ گھر میں گھسنے والے شخص نے پال پیلوسی کو بتایا کہ وہ انہیں باندھ کر سپیکر کے گھر پہنچنے تک انتظار کرے گا۔

کیبل نیٹ ورک ایم ایس این بی سی کی رپورٹ کے مطابق پال 911 ڈائل کرنے میں اس وقت کامیاب ہوئے جب حملہ آور کی توجہ منتشر ہو گئی تھی۔

مقامی میڈیا نے یہ بھی بتایا کہ حملہ آور اس دوران چیخ چیخ کر نینسی کے بارے میں پوچھتا رہا کہ وہ کہاں ہیں؟

سکاٹ نے کہا کہ ملزم پر اقدام قتل، مہلک ہتھیار سے حملہ، چوری اور دیگر جرائم کے چارجز عائد کیے جائیں گے۔

دوسری جانب سپیکر نینسی پیلوسی کے ترجمان نے کہا کہ ’پال پیلوسی کو زکربرگ سان فرانسسکو جنرل ہسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں ان کی کھوپڑی پر فریکچر اور دائیں بازو اور بازو پر شدید چوٹوں کی کامیاب سرجری کی گئی۔ ان کے ڈاکٹروں کو مکمل صحت یابی کی توقع ہے۔‘

نینسی پیلوسی اور ان کے پانچ بچوں کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ سان فرانسسکو پہنچ رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جمعے کی شام فلاڈیلفیا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر جو بائیڈن نے اس حملے کو ’قابل نفرت‘ قرار دیا اور کہا کہ سیاسی تشدد کی امریکہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صدر بائیڈن نے پیلوسی کو ہمدری کے اظہار کے لیے فون کیا اور انہیں بتایا کہ وہ ان کے شوہر کے لیے دعا گو ہیں۔

بائیڈن کی پریس سکریٹری کرین جین پیئر نے ایک بیان میں کہا: ’وہ خوش ہیں کہ پال مکمل صحت یاب ہو رہے ہیں۔ صدر ہر طرح کے تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پیلوسی خاندان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔‘

وال سٹریٹ جرنل نے افسران کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ حملہ آور ایک سلائیڈنگ دروازے سے اندر داخل ہوا، جس کا شیشہ ٹوٹنے سے اس کے سر اور جسم پر زخم آئے۔

ایک افسر نے اخبار کو بتایا کہ حملہ آور نے سوشل میڈیا پر انتہائی دائیں بازو کی سیاست کی حمایت میں پوسٹس شیئر کی تھیں، جن میں کرونا وبا کے بارے میں سازشی نظریات بھی شامل تھے۔

امریکہ میں اہم وسط مدتی انتخابات میں اب دو ہفتے سے بھی کم وقت باقی ہے اور دونوں جماعتوں کے ارکان نے سیاسی تشدد کے امکانات کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

واشنگٹن میں کیپیٹل پولیس کے مطابق قانون سازوں کے خلاف دھمکیاں 2017 کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ ہو کر 2021 میں تقریباً دس ہزار ہو گئی ہیں۔

کئی لوگوں کا خیال ہے کہ یہ حملہ پرتشدد سیاسی بیان بازی میں اضافے کا نتیجہ ہے۔

امریکی کیپیٹل ہل پر جنوری 2021 کے حملے کی تحقیقات کرنے والی ہاؤس کمیٹی کے رپبلکن رکن ایڈم کنزنگر نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے انتہائی دائیں بازو کے پیروکاروں کی جانب سے پھیلائے گئے سازشی نظریات کو بنیاد پرستی کی وجہ قرار دیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ