میرب علی پاکستانی شوبز کا ایک ابھرتا ہوا ستارہ ہیں، جو اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم کے سلسلے کو بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
’صنفِ آہن‘ سے شہرت پانے والی میرب علی ان دنوں ڈراما سیریل ’وبال‘ میں ایک سمجھ دار، سگھڑ لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
’وبال‘ کے سیٹ پر انڈپینڈنٹ اردو کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی گلگت بلتستان میں نہیں رہیں، وہ سعودی عرب میں رہتی تھیں اور پھر لاہور منتقل ہو گئیں۔
میرب کے مطابق وہ قانون کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور یونیورسٹی آف لندن کے بیرونی طلبہ کے پروگرام سے منسلک ہیں۔ گذشتہ برس تاخیر ہو گئی اس لیے ایک سال کے وقفے کے بعد وہ اپنی تعلیم دوبارہ شروع کر رہی ہیں۔
میرب سمجھتی ہیں کہ ان کا کیریئر اب تک اچھا جا رہا ہے۔ رواں برس انہوں نے دو ڈرامے کیے ہیں اور وہ سوشل میڈیا پر لوگوں کی رائے بھی پڑھتی رہتی ہیں۔
اپنے کام کے حوالے سے انہوں نے بتایا: ’میں اپنے منہ میاں مٹھو تو نہیں بنوں گی۔ میری سب سے بڑی ناقد تو میری امی ہیں، تو میں ان کی بات کو بہت سنجیدگی سے سنتی ہوں۔‘
کام کے دباؤ کے حوالے سے میرب علی کا کہنا تھا کہ ’میں بہت شکر ادا کرتی ہوں۔ دباؤ تو ہوتا ہے مگر پھر جواب بھی اپنے کام ہی سے دیا جا سکتا ہے۔ میں سیدھی سمت میں جا رہی ہوں اور یہیں پر چلتی رہوں گی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
میرب کے خیال میں ڈراموں میں مار پیٹ والے سین نہیں ہونے چاہییں۔ ان کا کہنا تھا: ’مارنے پیٹنے والے ڈرامے بہت وقت سے چل رہے ہیں، دیکھا جائے تو ایسا ہوتا بھی ہے، لیکن اگر دکھانا بھی پڑے تو ایسے دکھائیں کہ کوئی سبق ملے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔‘
میرب کے مطابق: ’مار پیٹ کو گلیمرائز نہیں کرنا چاہیے کہ ہیرو مار رہا ہے اور ہیروئن تب بھی اس سے پیار کر رہی ہے۔‘
میرب بتاتی ہیں کہ ’ایک مرتبہ بہت چھوٹی سی بچی مجھ سے ملنے آئی تو مجھے اندازہ ہوا کہ ڈرامے تو ہمارے بچے بھی دیکھتے ہیں، اس لیے ہمیں بہت ہی زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔‘
فلموں میں کام کے حوالے سے میرب کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی موقع ملا تو وہ ضرور اس سے فائدہ اٹھائیں گی۔
گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ منگنی کے بارے میں سوال پر میرب نے بتایا: ’ہم بہت پرانے خاندانی دوست ہیں۔ میرا شوبز میں آنے کا ارادہ تھا بھی نہیں تو اتنا کچھ سوچا نہیں تھا، یہ تو دونوں خاندانوں نے سوچا تھا جس کا نتیجہ ہے۔ میں نے اتنا نہیں سوچا تھا۔‘
شادی کی ٹائم لائن کے حوالے سے سوال پر میرب نے بتایا: ’میں زیادہ پلان نہیں کرتی۔ یہ سارے سوال ہم نے بڑوں پر چھوڑ دیے ہیں۔ جب وہ کہیں گے تب کرلیں گے، جلدی ہو یا دیر سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘
میرب علی کے مطابق انہیں پڑھنے کا بہت شوق ہے اور وہ صرف ڈگری کے لیے نہیں بلکہ مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے بتایا: ’میں ڈراموں کے سکرپٹ یاد کرتی ہوں، یعنی رٹے میں اچھی ہوں اور بحث و مباحثہ بھی اچھا کر لیتی ہوں، اس لیے سوچا کہ اسی میں کچھ کر لوں۔‘