2022 میں امریکہ کے ساتھ تعلقات میں پیش رفت ہوئی: دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ سال 2022 کے دوران پاکستان کو کئی سفارتی محاذوں پر کامیابیاں حاصل ہوئیں اور بیشتر اہم ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ 29 دسمبر 2022 کو اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ سے خطاب کر رہی ہیں (تصویر: دفتر خاجہ اسلام آباد)

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے سال رواں کے دوران  اسلام آباد کے لیے سفارتی محاذ پر اہم کامیابیوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 2022 میں امریکہ سمیت دنیا کے دوسرے اہم ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری پیدا کی ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں سالِ رواں کے دوران پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ 2022  میں پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا، جبکہ موسمیاتی تبدیلی، سرمایہ کاری اور توانائی پر امریکہ کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی۔

انہوں نے کہا: ’پاکستان رواں سال دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری لایا ہے۔ وزیراعظم اور وزیر خارجہ سمیت دوسرے حکام نے اہم بیرونی دورے کیے۔

’امریکہ، چین، یورپ، مشرق وسطیٰ سمیت اہم ممالک کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری آئی۔‘

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن اور بحالی کے لیے بھی کام کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق دنیا بھر میں پاکستانی مشنز نے دوست ممالک کو آگاہ کیا، جس کے نتیجے میں ملک کو امداد موصول ہو پائی ہے۔

’سالِ رواں کے دوران نومبر میں موسمیاتی تبدیلی پر ہونے والی بین الاقوامی کوپ 22 کانفرس میں پاکستان کے مؤقف کو سراہا گیا، جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی اسی سال کے دوران پاکستان کا اہم دورہ کیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان اور افغانستان کے تعلقات سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 2022 کے دوران پاکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے مختلف فورمز پر افغان حکام سے ملاقاتیں کیں۔

’افغانستان لینڈ لاکڈ پڑوسی ملک ہے، اور پاکستان نے اسے تجارت کی غرض سے سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ سخاوت اور کھلے دل سے تعلقات قائم کیے ہیں۔ افغانستان کو بھارتی گندم کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے پاکستان نے راستہ فراہم کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر کشیدگی کے بعد دارالحکومت کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر حملہ کیا گیا، جس پر اسلام آباد افغان حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

’بارڈر سکیورٹی کے مسائل پر بھی افغان حکام سے بات چیت جاری ہے۔‘

سفارتی محاز پر آنے والے سال کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا: ’وزیراعظم شہباز شریف 9 جنوری کو سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی پر مشترکہ کانفرس کی سربراہی کریں گے۔‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’پاکستان پر امن ہمسائیگی تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت کر سکتا ہے۔‘

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشت گردی پر ڈوزیئر اقوام متحدہ کو دیا ہے، جبکہ اسلامی تعاون کانفرنس (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل نے 11 دسمبر کو پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کا دورہ کیا۔

’پاکستان سے انڈیا کے تعلقات واضح ہیں اب بھارتی حکام پر ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کوشاں رہے گا، اور اسلام آباد دہلی کے ساتھ مشروط مذاکرات چاہتا ہے، بھارت دہشت گردی ترک کرکے کشمیر کا مسئلہ حل کرے تو مذاکرات ہوسکتے ہیں۔‘

ترجمان دفتر خارجہ نے سی پیک اور چین کے حوالے سے ہونے والے سوشل میڈیا پروپیگنڈے پر کہا کہ ’پاک چین تعلقات کو خراب کرنے کے لیے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے امریکہ، آسٹریلیا اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے سکیورٹی الرٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سکیورٹی ادارے غیر ملکی سفارت کاروں اور شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

’کسی غیر ملکی سفارت خانے نے دہشت گردی کی کوئی مخصوص اطلاع نہیں دی۔‘

(ایڈیٹنگ: عبداللہ جان)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان