ترقی یافتہ ممالک میں مارکیٹوں کے اوقات کار کیا ہیں؟

امریکہ، چین، برطانیہ سمیت دنیا کے بڑے ممالک میں کاروباری سرگرمیاں عمومی طور پر صبح کے وقت شروع ہوتی ہیں جو شام تک جاری رہتی ہیں۔

30 اپریل 2022 کی اس تصویر میں لاہور کی ایک مارکیٹ میں خریداری کے مناظر(اے ایف پی)

پاکستان مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت نے توانائی بچت پالیسی کی تحت پاکستان بھر میں مارکیٹیں ساڑھے آٹھ بجے اورشادی ہال رات10بجے سے پہلے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جس کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگر وزرا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس فیصلے کی اعلان کیا تھا۔

توانائی بچت پالیسی کے تحت مارکیٹوں کو جلد بند کرنے کے علاوہ کچھ دیگر اقدامات اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جن میں غیر معیاری پنکھوں کی تیاری پر پابندی، الیکٹرک بائیکس کی حوصلہ افزائی سمیت عمارتوں کی تعمیر کے لیے بلڈنگ کوڈ متعارف کروانا شامل ہیں۔

پاکستان میں عام طور پر ریسٹورنٹس سمیت دیگر مارکیٹیں رات دیر تک کھلی رہتی ہیں اور تاجروں کے مطابق گاہک زیادہ تر رات کے وقت ہی مارکیٹوں کا رخ کرتے ہیں۔

انڈپیںڈنٹ اردو نے جاننے کی کوشش کی ہے کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں مارکیٹیں اور دیگر کاروباری سرگرمیاں کس وقت بند ہوتی ہیں اور کیا ان ممالک میں مارکیٹوں کو جلد بند کرنے کا کوئی قانون موجود ہے یا نہیں۔

برطانیہ

سب سے پہلے بات کرتے ہیں دنیا کی مضبوط معیشتوں میں شامل برطانیہ کی جہاں پر دنیا بھر سے لاکھوں سیاحوں سمیت کاروباری شخصیات خریداری کرتی ہیں اور شاپنگ مالز سمیت دیگر مقامات پر رش دیکھنے کو ملتا ہے۔

گذشتہ سال لندن جانے کا اتفاق ہوا تھا تو ایک دن دوستوں کے ساتھ لندن کی ایک مشہور فوڈ مارکیٹ جانے کا ارادہ کیا اور ہم نے جانے کے لیے شام کا وقت طے کیا۔

تاہم جب شام کےتقریبا سات بجے کھانے کی غرض سے مارکیٹ پہنچے تو دیکھا کہ مارکیٹ سنسان پڑی ہے۔ پہلے تو ہم نے سوچا کہ کسی انجان یا غلط جگہ پر جا پہنچے ہیں تاہم بعد میں پتہ چلا کہ مارکیٹ تو پانچ بجے ہی بند ہو گئی تھی۔

بعد میں جب اسی مارکیٹ کے ویب سائٹ پر چیک کیا تو مارکیٹ اوقات کار کے مطابق سوموار سے جمعے تک مارکیٹ پانچ بجے جبکہ ہفتے اور اتوار کو مکمل طور بند رکھی جاتی ہے۔

برطانیہ کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پورے برطانیہ میں مارکیٹوں اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے کوئی اوقات کار مختص نہیں ہیں اور یہ دکان یا ریسٹورنٹ کے مالک کی صوابدید ہے کہ وہ کس وقت دکان بند کرتے ہیں تاہم اتوار کو کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے ایک قانون موجود ہے۔

برطانیہ کے ’سنڈے ٹریڈنگ ایکٹ 1994‘ کے مطابق بڑi دکانیں صبح 10 سے شام چھ بجے کے دوران صرف چھ گھنٹے تک کھلی رہ سکتی ہیں جبکہ ایسٹر سنڈے اور کرسمس کو تمام دکانیں بند رہیں گی۔

تاہم اسی قانون کے مطابق وہ چھوٹی دکانیں جن کا رقبہ تین ہزار مربع فٹ سے کم ہے ان پر اتوار کے روز چھ گھنٹے کھلے رہنے کی پابندی نہیں ہے اور اگر وہ چاہیں تو 24 بھی دکانیں کھول سکتے ہیں حتٰی کے ایسٹر سنڈے اور کرسمس کی چھٹی پر بھی ان کو دکانیں کھولنے کی چھوٹ ہے۔

عمومی طور پر برطانیہ میں اتوار کے علاوہ دیگر دنوں پر کوئی کاروباری اوقات کار نہیں ہیں تاہم لندن میں دکانیں صبح تقریبا 10 بجے کھلتی ہیں اور شام کو سات سے آٹھ بجے بند ہو جاتی ہیں لیکن بڑے مراکز جیسے لندن کی آکسفورڈ سٹریٹ رات کے دس بجے تک کھلی رہتی ہے۔

مشہور برینڈز جیسے کے ایڈیڈاز، نائکی، ٹمبرلیںڈ، دی نارتھ فیس سمیت تمام بریںڈز کی دکانیں رات کے دس بجے بند ہوجاتی ہیں جبکہ ریسٹورنٹس بھی زیادہ تر علاقوں میں رات کے دس گیارہ بجے بند ہو جاتے ہیں۔

تاہم بعض مقامات جیسا کے چینی کھانوں کے لیے مشہور چائنہ ٹاون میں ریسٹورنٹس رات کے تقریبا 12 تک کھلے رہتے ہیں اور وہاں عموماً شام کے بعد ہی عوام کا رش شروع ہوتا ہے۔

اسی طرح سکاٹ لینڈ میں بھی کم و بیش یہی صورت حال ہے کہ عموماً دکانیں شام کے چھ سات بجے بند ہوجاتی ہیں جب کہ ریسٹورنٹس رات نو اور دس بجے کے درمیان بند ہو جاتے ہیں لیکن رش والے مقامات میں رات گئے تک دکانیں کھلی رہتی ہیں۔

برطانیہ میں روز مرہ اشیا کی دکانیں یعنی گروسری سٹورز کی بڑی دکانیں رات کے تقریبا 12 بند ہوتی ہیں اور صبح سات بجے آپ کو تمام گروسری سٹورسز کھلے ہوئے نظر آتے ہیں۔

نائٹ کلبز اور بار کی بات کی جائے تو برطانیہ میں ہفتے اور اتوار کی رات کلبز رات کے تقریبا تین بجے تک کھلے رہتے ہیں لیکن پیر سے جمعے تک زیادہ تر کلبز کی اوقات کار دن چار بجے سے رات 11 بجے تک ہے اور اس کے بعد کسی کو بھی کلب میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔

امریکہ

وزٹ دی یو ایس اے نامی ویب سائٹ کے مطابق آمریکہ میں بھی مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے لیے کوئی اوقات کار مقرر نہیں ہیں تاہم زیادہ تر شاپنگ مالز صبح دس بجے کھلتے ہیں اور رات کو نو بجے بند ہو جاتے ہیں۔

اگر سپر مارکیٹس کی بات کی جائے تو امریکہ میں بعض سپر مارکیٹس صبح آٹھ بجے کھلتی ہیں اور شام آٹھ بجے بند ہوجاتی ہیں لیکن بعض سپر مارکیٹس ایسی بھی ہیں جو 24 گھنٹے کھلی رہتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکی کلبز اور بارز کی بات کی جائے تو وہاں بار اور کلبز دن کے دو بجے کھلتے ہیں اور زیادہ تر بارز رات کے دو بجے تک کھلے رہتے ہیں۔

پشاور کے رہائشی قیصر خان جو چند سال پہلے امریکہ گئے تھے، نے انڈپیںڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’امریکہ میں مارکیٹوں اور دکانوں کی اوقات کار شہروں کے مطابق ہوتے ہیں۔‘

قیصر کے مطابق مثال کے طور پر نیویارک شہر پوری رات کھلا رہتا ہے جبکہ بعض امریکی ریاستیں شام کے بعد بند ہوجاتی ہیں۔ یہ ایسا ہی ہے جس طرح پاکستان کے دور دراز کے علاقوں میں مارکیٹیں جلد بند ہو جاتی ہیں لیکن شہری علاقوں میں رات گئے تک کھلی رہتی ہیں۔

دبئی

متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی بھی دنیا کی مضبوط معیشتوں میں شامل ہے اور دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

دبئی میں عمومی طور پر شاپنگ مالز صبح دس بجے کھلتے ہیں اور رات کے 10 اور ایک بجے کے درمیان بند ہو جاتے ہیں۔ ہم نے دبئی کے مشہور مال ’دبئی مال‘ کے اوقات کار چیک کیے تو ان کے مطابق ریسٹورنٹس اور فوڈ کورٹس صبح دس بجے سے رات کے ایک بجے تک کھلے رہتے ہیں

اسی طرح تمام پرچون کی دکانیں صبح دس بجے سے رات کے 12 بجے تک کھلی رہتی ہیں تاہم جمعرات، جمعے اور ہفتے کی رات اوقات کار صبح دس بجے سے رات ایک بجے تک ہیں۔

ترکی

ترکی ایک بڑا سیاحتی مرکز ہے اور یہاں دنیا بھر سے لاکھوں سیاح آتے ہیں۔ طارق افغان پشاور ہائی کورٹ کے وکیل ہیں اور اس وقت سیاحتی مقاصد کے لیے ترکی میں موجود ہیں۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’ترکی میں دکانیں اور شاپنگ مالز عموماً صبح سات سے آٹھ بجے کھلتے ہیں اور رات نو بجے تک بند ہو جاتے ہیں تاہم ریسٹورنٹس کے اوقات کار الگ ہیں۔‘

 

ان کے مطابق ’ریسٹورنٹس میں سے زیادہ تر صبح سویرے کھل جاتے ہیں اور رات کے تقریبا دو بجے تک کھلے رہتے ہیں۔ اس کی وجہ شاید یہی ہے کہ سیاح یہاں کی روایتی خوراک بہت پسند کرتے ہیں اور ریسٹورنٹس پر رش بھی لگا رہتا ہے۔‘

اس کے علاوہ سرکاری و نجی دفاتر کے اوقات صبح آٹھ سے دن 12 بجے تک کے ہیں، اس کے بعد وقفہ ہوتا ہے جس طرح پاکستان میں ہوتا ہے اور اس کے بعد دفاتر دوبارہ ڈیڑھ بجے کھل جاتے اور شام پانچ بجے تک کھلے رہتے ہیں۔

چین

چین بھی دنیا کی مضبوط معیشتوں میں شامل ہے اور اس کے کاروباری اوقات کار بھی دیگر ترقی یافتہ ممالک سے ملتے جلتے ہیں۔ چین میں بھی دکانوں اور مارکیٹوں کے کوئی سرکاری اوقات کار نہیں ہیں تاہم عموماً کاروباری سرگرمیاں صبح نو سے دس بجے شروع ہو جاتی ہیں اور رات کے نو بجے تک جاری رہتی ہیں۔

تاہم بعض مقامات پر ریسٹورنٹس سمیت بازر اور کلبز تمام رات کھلے رہتے ہیں جبکہ گروسری سٹورز میں بھی بعض رات 12 بجے جب کہ کچھ دن رات کھلے رہتے ہیں۔

اسی طرح چھوٹی دکانیں عمومی طور پر رات نو بجے سے پہلے بند ہوجاتی ہیں جبکہ سیاحتی مقامات زیادہ تر دن چھ بجے تک بند ہو جاتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا