سندھ پریمئیر لیگ کا آغاز، ’دیر آئے درست آئے‘: جاوید میاں داد

صوبہ سندھ کی حکومت نے صوبے کے شہری اور دیہی علاقوں میں کرکٹ کے فروغ کے لیے سندھ پریمئیر لیگ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق سندھ پریمیئر لیگ کے پہلے سیزن میں چھ فرینچائز شامل کی گئی ہیں(محکمہ اطلاعات سندھ)

صوبہ سندھ کی حکومت نے صوبے کے شہری اور دیہی علاقوں میں کرکٹ کے فروغ کے لیے سندھ پریمئیر لیگ شروع کرنے کا اعلان کیا جسے سابق کرکٹ جاوید میاں داد نے دیر سے ہی سہی لیکن ایک درست قدم قرار دیا ہے۔

حکومت سندھ کے مطابق ایس پی ایل جون کے مہینے میں کرائی جائے گی اور ایس پی ایل کی تقریب رونمائی سندھ اسمبلی کے آڈیٹوریم میں جمعرات کو منعقد کی گئی۔

اس حوالے سے محکمہ اطلاعات سندھ کے ترجمان فدا حسین بالادی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’صوبہ سندھ کے لئے قابل فخر دن ہے ایس پی ایل کا آغاز ہو رہا ہے۔ سندھ پریمیئر لیگ سے صوبے کے دور دراز کے شہروں اور گوٹھوں سے ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا اور سندھ حکومت اس کی بھرپور اونرشپ لے گی۔‘

ان کے مطابق ’لیگ کی چھ فرنچائزز کا پہلا مرحلہ جون میں کراچی میں ہوگا۔ سندھ پریمیئر لیگ کے پہلے سیزن میں چھ فرنچائز شامل کی گئی ہیں۔ جن میں کراچی غازیز، حیدرآباد بہادرز، بینظیر آباد لالز، سکھر پیٹریاٹس، میرپور خاص ٹائیگرز اور لاڑکانہ چیلنجرز شامل ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ہماری اپنی لیگ ہوگی۔ دوسرا مرحلہ امید ہے اگلے سال حیدرآباد میں کرائیں گے۔ سندھ پریمیئر لیگ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے کہ صوبے میں کرکٹ اکیڈمیز بنائیں گے اور انٹرنیشنل کوچز کو سندھ لانے کا منصوبہ ہے۔‘

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب میں عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کرکٹ سٹارز شاہد آفریدی نے ایس پی ایل کے برانڈ ایمبیسڈر اور عبدالرزاق نے ایس پی ایل کے مینٹور کے طور پر شرکت کی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ایس پی ایل کے آغاز سے وہ بہت خوش ہیں۔ ’میں نے بہت کوشش کی کہ سندھ میں کرکٹ کی ڈویلپمنٹ کے لیے کام کروں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ ’اس صوبے نے مجھے نام دیا ہے، میرا تعلق یہیں سے ہے، سندھ میں صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ ہر کھیل کا ٹیلنٹ موجود ہے۔‘

کھیلوں کی سرگرمی نوجوان نسل کو برائی سے بچاتی ہے: سابق کرکٹر جاوید میاں داد

ایس پی ایل کے حوالے سے سابق کرکٹر جاوید میاں داد نے انڈپینڈینٹ اردو سے خصوصی گفتگو کی جس میں انہوں نے اپنے تجربات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ’سندھ میں کھیلوں کو فروغ نہیں دیا گیا۔ ماضی میں بھی بہت مایوس کن صورت حال میرے دیکھنے میں آئی ہے۔ ہمارا سندھ تو ریگستان بنا ہوا ہے میں تو عر صہ دراز سے سندھ میں کرکٹ بحالی پر بات کرتا آیا ہوں۔‘

ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ ’سندھ حکومت اپنے میدانوں پر لگ کر کام کرے تو انہیں مستقل کرکٹ ملے گی۔‘

سابق کرکٹر جاوید میاں داد کا کہنا تھا کہ ’سندھ حکومت نے سندھ پریمئیر لیگ کا آغاز کیا دیر آئے درست آئے میں مبارک باد دیتا ہوں سندھ حکومت کو اور وزیر اعلی سندھ سے گزارش کرتا ہوں کہ سندھ میں یہ کام مستقل مزاجی کے ساتھ ہونا چاہیے۔ سندھ کے میدانوں کو بحال کریں میری خدمات کی ضرورت پڑے تو میں حاضر ہوں۔ بس سندھ میں سہولیات کے فقدان کو ختم کریں تو سب ممکن ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ