ماہر موسمیات کی ’دعا‘ سے لوگوں کی جانیں کیسے بچیں؟

جمعے کی رات جیسے ہی میٹ لوبھان نے مقامی سٹیشن پر موسم کی پیش گوئی کی، اموری کے رہائشیوں کو پتہ چل گیا کہ کچھ مختلف ہونے والا ہے۔

میٹ لوبھان جب طوفان کی آمد دیکھ کر شدید پریشان ہو گئے (ڈبلیو ٹی وی اے)

لیااین ہبرڈ اور ان کے ہمسائے، مسیسپی کے چھوٹے سے قصبے اموری میں ’طوفانی موسم‘ کے عادی ہیں۔

وہ سب مقامی ٹی وی پر ماہر موسمیات ’میٹ لوبھان‘ کا پروگرام دیکھتے ہیں تاکہ انہیں پتہ رہے کہ کیا ہونے والا ہے۔

اکثر تیز ہواؤں اور شدید موسم کا سامنا کرتے رہنے کی وجہ سے عام طور پر ان کے شہر میں لوگوں کا رویہ غیر محتاط ہوتا ہے۔

لیکن جمعے کی رات جیسے ہی میٹ لوبھان نے مقامی سٹیشن ڈبلیو ٹی وی پر موسم کی پیش گوئی کی، اموری کے رہائشیوں کو پتہ چل گیا کہ کچھ مختلف ہونے والا ہے۔

اپنی آواز میں عجلت کا تاثر دیتے ہوئے میٹ لوبھان نے ناظرین کو بتایا، ’اوہ خدا، شمال کی طرف سے، یہ طوفان آ رہا ہے۔‘

جیسے ہی طوفان کی مزید تفصیلی موسمی تصاویر سامنے آئیں، انہوں نے گھبرائے ہوئے لہجے میں کہا ’پیارے یسوع، براہ مہربانی ان کی مدد کریں، آمین۔‘

جب انہوں نے یہ دعا پڑھی تو ہبرڈ کے گھر کی بجلی پہلے ہی جا چکی تھی۔

 اہم انہوں نے اتوار کو فون پر دی انڈپینڈنٹ کو بتایا کہ نشریات کے دوران ماہر موسمیات کی عجلت اور طرز عمل نے انہیں اپنے دو کتوں کے ساتھ باتھ ٹب میں اپنے گدے کے نیچے چھپنے پر مجبور کیا۔

45 سالہ ہبرڈ نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا ’ان ماہر موسمیات نے یقینی طور پر زندگیاں بچائی ہیں۔‘

نشریات کے دوران میٹ لوبھان نے خبردار کیا تھا کہ ٹورنیڈو سے پیدا ہونے والا طوفان جمعے کو جنوبی علاقوں میں 170 میل کا فاصلہ طے کر چکا ہے جس کے نتیجے میں دو ریاستوں میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

میٹ لوبھانن نے ریڈار پر اس وقت خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی جب انہوں نے مسیسپی کے تقریبا چھ ہزارافراد کی آبادی والے قصبے اموری کی طرف بڑھتے ہوئے بڑے طوفان کو دیکھا۔

لی این ہبرڈ کا کہنا تھا کہ ’ہمیں پتہ تھا طوفان آنے والا ہے، لیکن آپ یہ نہیں بتا سکتے کہ وہ ہمارے علاقے سے ٹکرائے گا یا نہیں، میٹ لوبھان نے اچانک کہا کہ یہ مہلک ترین طوفان ہے۔‘

لی این ہبرڈ نے کے مطابق ’اس علاقے میں اکثر شدید طوفان رہنے کے باوجود، ہم میں سے اکثر کبھی بھی یہ نہیں دیکھ پائے کہ بگولہ سیدھا زمین سے ٹکرایا گیا ہو۔‘

’ہر ہفتے، خاص طور پر موسم بہار اور خزاں میں شدید آندھی کا امکان ہوتا ہے۔ جس چیز نے اسے مختلف بنا دیا وہ یہ تھی کہ سب سے پہلے یہ بگولہ ونونا میں ٹکرانا اور یہ پتہ تھا کہ یہ ہماری طرف بڑھ رہا ہے۔ امید تھی کہ یہ کمزور ہو جائے گا، لیکن ہمیں اندازہ ہو گیا کہ بس اب حفاظتی تیاری کر لینی چاہیے۔‘

’اور پھر جو چیز واقعی مختلف تھی وہ یہ کہ میٹ لوبھان نے کہا مہلک طوفان ... شہریو، خود کو محفوظ کر لو، آگے آپ جانتے ہیں۔‘

لی این ہبرڈ نے کہا کہ ان الفاظ نے مجھے کسی محفوظ جگہ پر جانے کے لیے اکسایا۔

ان کا کہنا تھا ’یہاں ہر کوئی میٹ کو دیکھتا ہے تاکہ یہ جان سکے کہ آیا انہیں طوفان سے بچنے کےلیے چھپنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔‘

’ان کے الفاظ نے ہمیں تقریباً ایک گھنٹے قبل وارننگ دی کہ ہمیں ان کی بات سنجیدہ لینا چاہیے۔ لہذا میں نے اپنا گدا نکالنا شروع کر دیا کیونکہ میں اپنے دو کتوں کے ساتھ ٹب میں جا رہی تھی۔‘

’ان کے انتباہی الفاظ جلد ہی ایک خوفناک حقیقت بن گئے۔‘

’آخری بات جو میں نے انہیں کہتے ہوئے سنا وہ یہ تھی کہ اس بگولے کا ملبہ ہوا میں سات ہزار فٹ تک بلند ہے۔‘

’اور پھر لائٹس بند ہو گئیں، فون سروس چلی گئی اور میں کتوں کے ساتھ اندھیرے میں تھی۔‘

’میں پریشان تھی ۔۔۔ میں نے صرف بارش کی آواز سنی تھی، گرج چمک بھی ضرور ہوئی ہو گی۔ یہ یاد رکھنا مشکل ہے، کیونکہ صورتحال ایسی تھی کہ یا تو آپ حالات سامنا کریں یا بھاگ جائیں۔ آپ جانتے ہیں کہ ایک عفریت آپ کے گھر اور آپ کے شہر پر گھوم رہا ہے، اور آپ کچھ بھی نہیں کر سکتے اور آپ صرف اپنے اور دوسروں کے لے دعا کر رہے ہیں۔‘

اموری قصبے کو اس طوفان سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا جبکہ مسیسپی کے شمال میں واقع رولنگ فورک قصبہ تقریبا زمین بوس ہو گیا ہے۔صرف رولنگ فورک کی شارکی کاؤنٹی میں ایک درجن سے زائد افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔

مسیسیپی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (ایم ای ایم اے) نے ہفتے کو کہا کہ رولنگ فورک / سلور سٹی ٹورنیڈو کو ابتدائی طور پر کیٹیگری چار کے بڑے طوفان میں شمار کیا گیا ہے۔

مونرو کاؤنٹی میں، جہاں اموری قصبہ واقع ہے، میڈیکل ایگزامینر کے دفتر کورونر نے ہفتے کی رات اعلان کیا کہ مرنے والوں میں ایک باپ اور بچی بھی شامل ہیں۔

34 سالہ ایتھن ہرنڈن اور 23 ماہ کے رلی می ہرنڈن کی موت اموری سے آٹھ میل دور ورن میں واقع ان کے گھر میں ہوئی۔

ہبرڈ نے کہا کہ جب وہ ہفتے کو اموری میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے باہر نکلیں تو یہ ’قیامت کی طرح‘ لگ رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’آپ درختوں میں دبے ہوئے گھر دیکھتے ہیں، گلیوں سے درخت ہٹا دیے گئے ہیں، لیکن صاف سڑکوں کے کنارے کچرے کا ڈھیر لگا ہوا ہے۔‘

’باہر زیادہ لوگ نہیں ہیں۔ وہ ضرور کہیں اور چلے گئے ہوں گے جہاں وہ تھوڑا سا صحت یاب ہوں اور دوبارہ جائزہ لے سکیں۔‘

’جو لوگ وہاں آپ کو نظر آ رہے ہیں، وہ تھک چکے ہیں۔ وہ سخت محنت کر رہے ہیں۔ یہ گھبراہٹ نہیں ہے،  پھر بھی تھوڑا سا صدمہ ہے۔ وہ، وہ کر رہے ہیں جو وہ کر سکتے ہیں۔‘

مسیسپی کے گورنر ٹیٹ ریوز نے متاثرہ کاؤنٹیز میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے جبکہ صدر جو بائیڈن اور وفاقی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی(فیما) کی جانب سے مکمل وفاقی مدد کا وعدہ کیا گیا ہے۔

یہ طوفان کم از کم ایک دہائی میں اور ممکنہ طور پر نصف صدی سے زیادہ عرصے میں اس خطے کا مہلک ترین طوفان تھا۔

اموری ہیومین سوسائٹی میں رضاکارانہ طور پر کام کرنے والی  ہبرڈ نے کہا کہ جب وہ پناہ گاہ پہنچیں تو انہوں نے دیکھا کہ اسے بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

طوفان کے بعد جب کام کرنے والے پہنچے تو 60 سے زیادہ خوف زدہ جانور تباہ شدہ باڑوں سے فرار ہو چکے تھے اور انہیں گھیرنا، واپس لانا ایک اضافی مرحلہ تھا۔

اموری ہیومین سوسائٹی نے لوگوں کو دیگر پناہ گاہوں میں جانے کو کہا کیونکہ مقامی عمارت بہت بری طرح متاثر ہوئی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہبرڈ کا کہنا تھا ’لیکن ہم اسے ایک معجزہ سمجھتے ہیں کہ کسی بھی جانور کو نقصان نہیں پہنچا۔‘

اتوار تک، تقریباً تمام جانوروں کو محفوظ طریقے سے کہیں اور رکھا گیا تھا۔

جبکہ، اموری کے باشندے ایک مقامی ماہرموسمیات کی دعاؤں کی وجہ سے جزوی طور پر اپنے اوپر ہونے والی رحمتوں کو گن رہے تھے۔

دو بار ایمی ایوارڈ جیتنے والے میٹ لوبھان کے سوشل میڈیا پر جمعے کو نشر ہونے والی ان کی تباہ کن نشریات دیکھی جا سکتی ہیں۔

ان کی زندگی کی سب سے اہم تین چیزیں بائیو میں درج ہیں ’خدا، خاندان، موسم‘

ہبرڈ کہتی ہیں کہ ’میٹ لوبھان اور طوفان کے سائرن کے بغیر ہم نہیں جانتے تھے کہ کچھ بھی برا آنے والا ہے۔ یہاں تک کہ بہت دیر ہو جاتی۔‘

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات