کراچی: ڈاکٹر بیربل کے قتل کا مقدمہ درج، ’خاتون اسسٹنٹ پر شبہ‘

کراچی کے معروف آئی سپیشلسٹ ڈاکٹر بیربل کو جمعرات کی رات لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹرچینج کے قریب گاڑی پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر بیربل کو جمعرات کی رات فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا(ڈاکٹر بیربل فیس بک پیج)

کراچی کے معروف ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ گارڈن ٹاؤن تھانے میں ان کے بھائی ریوو گنیانی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

کراچی پولیس کے مطابق ڈاکٹر بیربل کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جبکہ مقتول کے بھائی ریوو گنیانی نے ایف آئی آر میں زخمی خاتون قرۃ العين پر قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ریوو گنیانی نے بتایا کہ  فون پر بھائی کو گولیاں لگنے کی اطلاع ملی تو وہ جناح ہسپتال پہنچے جہاں پولیس نے ضروری کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ان کے حوالے کر دی۔

’ہمیں معلوم ہوا کہ ہمارا بھائی کلینک بند کر کے اپنی کار میں گھر جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے بعد کار پاکستان کوارٹرز کی دیوار سے ٹکرائی۔‘

مدعی مقدمہ نے مزید بتایا کہ کار میں سوار ان کی اسسٹنٹ خاتون قرۃ العين کو بھی گولی لگی شبہ ہے قتل میں بالواسطہ وہ بھی ملوث ہو سکتی ہیں۔ 

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں ریوو گینانی کا کہنا تھا: ’میرے بھائی کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، گاڑی میں اور لوگ بھی موجود تھے ان پر شبہ کا اظہار کرتے ہوئے مقدمہ درج کروایا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب پولیس نے تفتیش جاری رکھتے ہوئے مشکوک خاتون اسسٹنٹ کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر بیربل گینانی اور قرۃ العین کے درمیان گیارہ سال سے شناسائی تھی اور دونوں گلشن اقبال میں رہائش پذیر اور اکٹھے کلینک آتے جاتے تھے۔

 ابتدائی بیان میں خاتون ڈاکٹر کا کہنا تھا: ’میں نے ملزمان کی شکلیں نہیں دیکھیں، صرف گاڑی کی ڈرائیونگ سائیڈ سےچنگاریاں نکلتی ہوئی دیکھیں۔‘

پولیس ذرائع کے مطابق قراۃ العین کو رات میں وومن تھانہ صدر میں زیر حراست رکھا جائے گا۔ 

جمعرات کو کراچی میں لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹرچینج کے قریب گاڑی پر فائرنگ کر کے ڈاکٹر بیربل کو قتل کر دیا گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان