سوڈان سے 249 پاکستانی شہری واپس پہنچ گئے: دفتر خارجہ

پاکستان ایئر فورس نے بتایا کہ اس نے دو طیاروں کے ذریعے 249 پاکستانی شہریوں کو واپس وطن پہنچا دیا ہے۔

پاکستان فضائیہ کا طیارہ 28 اپریل، 2023 کو 149 مسافروں کو لے کر جدہ سے کراچی پہنچ گیا (پاکستان فضائیہ)

پاکستان فضائیہ نے جمعے کو بتایا کہ سوڈان میں متحرب فوجی گروپوں کے درمیان لڑائی کی وجہ سے جدہ پہنچنے والے پاکستانیوں میں سے 249 کو آج وطن واپس پہنچا دیا ہے۔

پاکستان ایئرفورس کی پریس ریلیز کے مطابق آج صبح پہلا طیارہ 149 پاکستانیوں کو لے کر کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اترا جبکہ ’سی-130 ہرکولیس طیارہ سوڈان سے 110 پاکستانیوں کو لے کر آج سہ پہر جدہ سے روانہ ہوا۔‘

رواں ماہ کے وسط میں سوڈان کے آرمی چیف عبدالفتاح البرہان اور ان کے نائب اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے کمانڈر محمد حمدان ڈگلو کی حامی فورسز کے درمیان شروع ہونے والی لڑائی کے بعد وہاں سے غیر ملکی شہریوں کا انخلا جاری ہے۔ 

بحری جہازوں کے ذریعے انخلا کی ان کوششوں میں سعودی عرب کا کلیدی کردار رہا ہے اور اب تک سعودی حکومت کی کوششوں سے پاکستان سمیت 60 سے زائد ممالک کے شہریوں کو سوڈان سے نکالا جا چکا ہے۔ 

پاکستان اس مہمان نوازی پر سعودی حکومت کے تعاون کو سراہ چکا ہے۔ 

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق آج صبح ایک طیارہ سوڈان سے لائے گئے 149 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچا۔

دو مزید پروازیں قریباً 200 پاکستانیوں کو لے کر آج کسی وقت پاکستان آمد متوقع ہے۔

ایک پورٹ سوڈان اور دوسری جدہ سے ان پاکستانیوں کو لے کر پاکستان پہنچےگی جن کا پہلے ہی انخلا کیا گیا تھا۔

ان کہنا تھا کہ ’ہمارا انخلا کا منصوبہ مرحلہ وار تھا۔ آپریشن کے پہلے مرحلے میں 800 سے زائد پاکستانیوں کو خرطوم سے پورٹ سوڈان پہنچایا گیا، جو کہ نسبتاً محفوظ جگہ تھی۔ انخلا کے دوسرے مرحلے میں پاکستانیوں کو پورٹ سوڈان سے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچایا گیا یا براہ راست پاکستان۔ آج پورٹ سوڈان سے براستہ جدہ پروزایں، دوسرے مرحلے کا پہلا حصہ ہیں۔

’اضافی پروازوں کے لیے بھی لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے۔ اسی دوران سعودی حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے بحری جہازوں (فیریز) میں پورٹ سوڈان سے پاکستانیوں کو جدہ لایا جا رہا ہے۔ کچھ مسافروں کو چینی کشتیوں میں بھی پورٹ سوڈان سے جدہ لایا جائے گا۔

’ہم مملکت سعودی عرب کے خاص طور پر شکرگزار ہیں کہ انہوں نے انخلا کے عمل کے دوران ٹرانسپورٹ میں ہماری مدد کی، فیریز مہیا کیں اور پاکستانیوں کے پاکستان پہنچنے تک میزبانی کی۔‘

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ’216 پاکستانی شہری آج پورٹ سوڈان سے بذریعہ چینی بحری جہاز جدہ پہنچا دیے گئے ہیں۔ چینی دوستوں کے اس تعاون اور دوستی کے لیے شکر گزار ہیں۔‘

گذشتہ ہفتے پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا تھا کہ سوڈان میں موجود پاکستانیوں کی تعداد 1500 کے قریب ہے۔ 

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ سوڈان سے تمام پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی تک بھرپور جذبے سے کام جاری رکھا جائے گا۔ 

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے 847 پاکستانیوں کے بحفاظت سوڈان کی بندرگاہ پہنچنے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ 

خرطوم سے پورٹ سوڈان پہنچنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے سفارت خانے کی جانب سے جہاز کا بندوبست کیے جانے تک ہوٹل میں قیام کا بندوبست کیا گیا ہے۔ 

متعدد ممالک نے سوڈان کے دارالحکومت سے لوگوں کو نکالنے کے لیے جبوتی سے فوجی طیارے بھیجے جب کہ دیگر کارروائیوں میں لوگوں کو قافلے کے ذریعے بحیرہ احمر پر واقع پورٹ سوڈان پہنچایا گیا اور پھر وہاں سے بہت سے سعودی عرب کے لیے بحری جہازوں کے ذریعے جدہ پہنچے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان