دہشت گردی پر سفارتی پوائنٹ سکورنگ نہیں ہونی چاہیے: وزیراعظم

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے انڈیا کی میزبانی میں ہونے والے ایس سی او کے آن لائن اجلاس میں ریاستی سمیت ہر قسم کی دہشت گردی سے مل کر لڑنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر سفارتی پوائنٹ سکورنگ نہیں ہونی چاہیے۔ ریاستی دہشت گردی سمیت ہر قسم کی دہشت گردی سے مل کر لڑنے کی ضرورت ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق انڈیا کی میزبانی میں ہونے والے ایس سی او کے 23ویں سربراہ اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے زور دیا کہ ’شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کودہشت گردی کے خلاف پورے عزم کے ساتھ مل کر لڑنے کی ضرورت ہے۔‘

انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں انہوں نے کہا کہ ’دہشت گردی کے معاملے پرڈپلومیٹک پوائنٹ سکورنگ نہیں ہونی چاہئیے اورریاستی دہشت گردی سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرنی چاہئیے کیونکہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا۔‘

اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ ’سی پیک معاشی خوشحالی، امن اور استحکام میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ترقی یافتہ ممالک کوماحولیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنی چاہئیے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان رواں سال کے اختتام پر مواصلات سے متعلق ایس سی او اجلاس کی میزبانی کرے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعظم نے کہا کہ ’خطے میں پائیدار امن تنظیم کے تمام رکن ممالک کی ذمہ داری ہے۔‘

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’افغانستان کی عبوری انتظامیہ کو اپنے ملک کی زمین کو عسکریت پسندی کی کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے کو یقینی بنانا چاہیے۔‘

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قزاقستان کو 24۔2023 کے لیے تنظیم کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارک باد دی۔

 انہوں نے ایرانی صدرابراہیم رئیسی کو بھی تنظیم کا مکمل رکن بننے پر مبارک باد پیش کی اورایران کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔

وزیراعظم نے بیلا روس کو تنظیم کے آئندہ اجلاس میں مکمل رکنیت دینے کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’ایس سی او اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا کومعاشی اور سلامتی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’شنگھائی تعاون تنظیم کو امن، استحکام، سلامتی اور ترقی کے حوالے سے اپنا کردار بڑھنا چاہئیے۔‘

ایس سی او کے آن لائن اجلاس میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی، روسی صدر ولادی میر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ بھی شرکت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’کچھ ممالک سرحد پار دہشت گردی کو اپنی پالیسی کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور عسکریت پسندوں کو پناہ دیتے ہیں۔ ایس سی او کو ایسے ممالک کی مذمت کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا