لاہور: سینیئر پولیس افسر شارق جمال کی موت قدرتی قرار، انکوائری بند

پنجاب پولیس کے گریڈ 21کے افسر شارق جمال جمعے کی شب لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے کے ایک فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

شارق جمال کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ دھیما مزاج رکھتے تھے (شارق جمال وٹس ایپ فوٹو)

پنجاب پولیس کے گریڈ 21کے افسر شارق جمال جمعے کی شب لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے کے ایک فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے، جن کی موت کو اہل خانہ اور پولیس نے قدرتی قرار دے کر انکوائری بند کردی ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور عمران کشور نے بتایا کہ سابق ڈی آئی جی شارق جمال کی موت کو پولیس اور اہل خانہ نے قدرتی موت قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’پولیس کی جانب سے دفعہ 174کی کارروائی کر دی گئی ہے، یعنی کیس کی انکوائری فل الحال بند کی جا رہی ہے اور زیر حراست خاتون اور ان کے ساتھی کو بھی رہا کیا جا رہا ہے۔‘

پولیس تھانہ ڈیفنس سے ملنے والی معلومات کے مطابق سابق ڈی آئی جی شارق جمال کی لاش ڈی ایچ اے میں واقع ایک فلیٹ میں پائی گئی تھی جبکہ ان کے اہل خانہ بھی ڈی ایچ اے میں ہی ایک فلیٹ میں رہائش پذیر ہیں۔

پولیس کے مطابق گھر سے دور ایک فلیٹ سے لاش کا برآمد ہونا تحقیقات کا باعث بنا اور اس سلسلے میں ایک خاتون اور ایک مرد کو حراست میں لیا گیا تھا، جنہیں اب رہا کردیا گیا۔

اس سے قبل لاہور پولیس کے ترجمان فرحان علی شیخ نے بتایا تھا کہ پولیس نے ابتدائی کارروائی شروع کرتے ہوئے میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فرحان علی شیخ کا کہنا تھا کہ ’شارق جمال کی موت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور ان کے اہل خانہ کی درخواست کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ابھی تک موت کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا اور اس بارے میں پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا۔

شارق جمال کا پولیس سروس ریکارڈ

شارق جمال کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ دھیمے مزاج کے حامل تھے اور اشعار بھی کہتے تھے۔

محکمہ پولیس کے ریکارڈ کے مطابق وہ پنجاب میں ایس پی، ایس ایس پی، ڈی پی او اور ڈی آئی جی کے عہدوں پر کام کرتے رہے۔

انہوں نے ریلوے پولیس میں بطور ڈی آئی جی بھی فرائض سر انجام دیے۔ اس کے بعد ایک سال قبل وہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور تعینات ہوئے۔

پھر انہیں ڈی آئی جی ٹریفک تعینات کردیا گیا جہاں کچھ ماہ ڈیوٹی کرنے کے بعد وہ حال ہی میں گریڈ 21 میں ترقی کے لیے محکمانہ کورس کر کے واپس آئے تھے۔

شارق جمال ان دنوں او ایس ڈی تھے اور کسی عہدے پر تعینات نہیں تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان