پاکستانیوں کے لیے عمرہ ویزا کی مدت 90 روز تک بڑھا دی: سعودی وزیر 

سعودی وزیر برائے حج و عمرہ نے کہا کہ ویزے کا اجرا 24 گھنٹوں اندر ہو سکے گا اور پاکستانی عمرہ ویزے پر ملک کے کسی بھی شہر میں جا سکیں گے۔

سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ  نے کہا ہے کہ پاکستان کے عمرہ زائرین کے لیے ویزے کی مدت اب 30 سے بڑھا کر 90 دن کر دی گئی ہے اور ویزے کے اجرا کو آسان بناتے ہوئے اب 24 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کیا جا سکتا ہے۔

سعودی وزیر  چار روزہ سرکاری دورے پر 20 اگست کو اسلام آباد پہنچے تھے اور وفاقی دارالحکومت میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے بعد منگل کو کراچی پہنچے جہاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ سعودی حکومت کے وژن 2023 کے تحت حج اور عمرہ زائرین کے لیے سہولتوں کو بہتر بنانا ہے۔ 

سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ اب عمرہ کی غرض سے سعودی عرب آنے والے زائرین ملک کے کسی بھی شہر جا سکتے ہیں۔ ’اب عمرہ ویزا پر آنے والا کوئی بھی شخص مکہ اور مدینہ کے ساتھ سعودی عرب کے کسی بھی شہر میں جا سکتا ہے مثال کے طور پر وہ ریاض، دمام اور دیگر شہروں کا دورہ کر سکتا ہے۔‘ 

انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت خواتین بغیر کسی مرد سرپرست (محرم) کے مملکت میں آ سکتی ہیں۔ ’ہم نے ٹرانزٹ ویزا بھی شروع کیا ہے جو سعودی عرب کے راستے سفر کرنے اور مملکت میں چار دن تک قیام کی اجازت دیتا ہے اور ایئر لائنز خاص طور پر سعودی ایئر لائن ایک رات مفت قیام بھی فراہم کرے گی۔‘ جبکہ اس کے  علاوہ  ٹکٹ اور ویزا بھی ایک ساتھ جاری کیا جائے گا۔

سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ مکہ اور مدینہ میں بہت سے مقدس اور تاریخی مقامات ہیں جنہیں ملک میں آنے والوں کے لیے کھولا جا رہا ہے۔ ’ملک بھر میں بہت سے تاریخی مقامات ہیں جیسے کہ غار حرا، جبل طور، جنگ احد کا مقام اور دیگر مقامات ہر کوئی دیکھنا پسند کرتا ہے اور ہمارے پاس 100 سے زائد ایسے مقامات ہیں جہاں ہم ترقیاتی کام کر رہے ہیں جس سے تاریخی مقامات اور تاریخی ورثے کے دورں میں اضافہ ہو گا۔‘ 

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ سعودی حکومت زائرین کو وہ  تمام سہولتیں فراہم کرنے کے خواہاں ہیں جو زیادہ سے زیادہ لوگوں کو متوجہ کر سکیں۔ ’میرے دورہ پاکستان کے دوران ہم نے سعودی اور پاکستانی ایئر لائنز کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط بھی کیے ہیں۔‘ 

انہوں نے کہا کہ ایک نئی ایئر لائن کی منظوری بھی دی گئی ہے تاکہ کم کرائے والی  پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔ 

سفری سہولت کے لیے نسک ایپ کا اجرا

سعودی ٹورازم اتھارٹی نے پاکستان میں سفر کی منصوبہ بندی اور بکنگ کے لیے ’نسک‘ نامی ایپ متعارف کرائی ہے۔

اس ایپ کو اسلام آباد اور ریاض کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے اور سیاحت کو فروغ دینے کے معاہدے پر دستخط کے ایک روز بعد متعارف کرایا گیا ہے۔

نُسک سعودی عرب کا پہلا باضابطہ پلیٹ فارم ہے جو مکہ، مدینہ اور دیگر مقامات کے لیے حج یا عمرہ کے پروگرام ترتیب دینے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

نُسک کے ذریعے پوری دنیا سے زائرین ای ویزا کے لیے درخواست دینے سے لے کر ہوٹلز اور پروازوں کی بکنگ تک، سعودی عرب کے اپنے پورے دورے کا آسانی سے انتظام کر سکتے ہیں۔

اس پلیٹ فارم کا آغاز منگل کو کراچی میں سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کیا جو اتوار کو چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔

ان کے ہمراہ حج و عمرہ، سیاحت اور بین الاقوامی تعاون کے نائب وزرا پر مشتمل وفد بھی آیا ہے۔

سعودی ایئرلائنز کے صدر، سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی اور سعودی ایوی ایشن کے نمائندے بھی اس اعلیٰ وفد کا حصہ تھے۔

پاکستان کی تاجر برادری کے نمائندوں اور حج و عمرہ ٹور آپریٹرز نے ایپ لانچنگ کی تقریب میں شرکت کی۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) میں مرکزی قائمہ کمیٹی برائے حج و عمرہ کے کنوینر فرقان عبدالقادر نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم سعودی ویژن 2030 کا حصہ ہے جس کا مقصد سیاحت کو فروغ دے کر سعودی عرب کو دنیا کے لیے کھولنا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فرقان عبدالقادر نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے سیاحوں کو سعودی عرب کے بہت سے شہروں تک براہ راست رسائی حاصل ہو جائے گی جس سے پاکستانیوں کے لیے مملکت کا سفر آسان ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی ویزے میں آسانی کے علاوہ یہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان رابطوں کو بھی فروغ دے گا جس کے نتیجے میں دونوں برادر ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔‘

سعودی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق سیاحت کی ترقی مملکت کی ترقی کے لیے اہمیت کا حامل ہے اور ملک کی معیشت کو متنوع بنانے اور تیل پر انحصار کو کم کرنے کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کے منصوبے کا ایک اہم ستون ہے۔

سیاحت کے شعبے کی ترقی میں مدد کے لیے ملک میں وزارت سیاحت، سعودی ٹورازم اتھارٹی اور ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔

نُسک ایپ کو متعارف کرانے سے ایک روز قبل پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے کے معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ اس معاہدے سے سفری لاگت کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

سعودی وزیر کے چار روزہ دورے کے اہم نکات

سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ چار روزہ سرکاری دورے پر 20 اگست کو اسلام آباد پہنچے تھے۔

دونوں ملکوں کے درمیان ’ائیر سروس ایگریمنٹ‘ بھی طے پایا تھا جس کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں میں اضافہ ہے۔
سعودی وزیر کی پاکستان کے نگران وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا گیا کہ عمرہ زائرین میں پاکستان کی تعداد دنیا میں پہلے نمبر پر ہے
پاکستان کے نگران وزیر نے بیان میں کہا کہ ’روڈ ٹو مکہ منصوبہ پاکستانی عازمین حج کے لیے بہت فائدہ مند ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان کے تمام ائیرپورٹس پر روڈ ٹو مکہ کی سہولت فراہم کی جائے۔‘
انیق احمد کا کہنا تھا کہ 65 سال سے زائد پاکستانی زائرین کو بائیو میٹرک شناخت سے استثنیٰ دیا جائے۔

عمرہ زائرین کا ویزہ 90 روز کا ہو گا

پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے بیان کے مطابق سعودی وزیر نے کہا کہ اب پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے ویزے کی مدت 90 روز تک ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عمرہ ویزے پر جانے والے پاکستانی اب عمرہ کا مذہبی فریضہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے دیگر تاریخی مقامات کا دورہ بھی کر سکیں گے۔

سعودی وزیر نے کہا کہ مکہ اور مدینہ میں100 کے قریب مزید نئے مقامات کو کھولا جائے گا۔

سعودی وزیر کی نگران وزیراعظم سے ملاقات
وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان بدستور سعودی عرب کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔

انہوں پاکستان کے عمرہ اور حج زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے پر سعودی حکومت کر کردار کو سراہا۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر نے کہا کہ ان کا ملک نا صرف پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا بلکہ پاکستانیوں کے لیے ’سعودی ٹورازم‘ یا سیاحت کو بھی فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔

پاکستانی وزیراعظم نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حال ہی میں تشکیل دی جانے والی خصوصی سرمایہ کاری کونسل ’ایس آئی ایف سی‘ کے تحت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچپسی کو بھی سراہا۔
 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا