ورلڈ کپ2023 : پاکستان اور انڈیا میچ کے تمام ٹکٹ فروخت

ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور انڈیا کے مقابلے کے ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے تو دو گھنٹے میں ہی تمام ٹکٹ فروخت ہو گئے تاہم کچھ شائقین ٹکٹ نہ ملنے کا شکوہ کر رہے ہیں۔

دو ستمبر 2023، سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایشیا کپ کے دوران کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی اور انڈین ٹیم کے کھلاڑی میدان میں آتے ہوئے(اے ایف پی)

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے ٹکٹ چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہو گئے تاہم کچھ شائقین اس میچ کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور اس پر شکوہ کناں ہیں۔

انڈین ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں 14 اکتوبر 2023 کو کھیلے جانے والے اس میچ کے ٹکٹ جب فروخت کے لیے پیش کیے گئے تو چند ہی لمحوں کے بعد کرکٹ شائقین ٹکٹ نہ ملنے کا شکوہ کرتے نظر آئے۔

بک مائی شو ویب سائٹ پر پاکستان اور انڈیا کے درمیان ورلڈ کپ 2023 میں احمد آباد میں 14 اکتوبر کو کھیلے جانے والے میچ کے ٹکٹ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجکر 30 منٹ پر فروخت کے لیے پیش کیے جانے تھے۔

مقررہ وقت پر جب انڈپینڈنٹ اردو نے ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مقابلے کا ٹکٹ بک کرنے کی کوشش کی تو پہلے دو گھنٹے انتظار کر کہا گیا۔

لیکن کچھ دیر بعد ویب سائٹ پر پیغام ظاہر ہوا کہ آپ کو قطار میں لگا دیا گیا، انتظار کریں۔

لیکن تقریبا دو گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ویب سائٹ نے تمام ٹکٹ فروخت ہونے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا ’سولڈ آؤٹ۔‘

ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی انڈین اور پاکستان شائقین ٹکٹ نہ ملنے پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔

انڈین شائقین نے اپنی ٹویٹس میں بک مائی شو ویب سائٹ کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اسی طرح بعض شائقین نے انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جنرل جے شاہ پر بھی تنقید کی ہے کہ وہ ٹکٹس کی فراہمی کے لیے بہتر انداز میں کام نہیں کر سکے۔

فواد فاروق نامی صارف نے لکھا کہ ’میں کئی بڑے ایونٹس کے ٹکٹ بکنگ میں شرکت کر چکا ہوں۔ ایف ون ریسز، فیفا ورلڈ کپ 2022، ٹی ٹوئنتی ورلڈ کپ 2021 اور ایشیا کپ، لیکن ٹکٹس بیچنے کے اس سے برے انتظامات نہیں دیکھے۔‘

جبکہ ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلا جانے والے میچ کے بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہونے پر بھی جے شاہ پر تنقید کی جا رہی تھی۔

 

ایک صارف وسیع اللہ بدیے نے لکھا کہ ’انڈیا پاکستان مقابلے کی ٹکٹ بک کرنے کی کوشش میں ایک گھنٹہ گزر گیا، یہ جنون ناقابل یقین ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ