ایران میں قید پانچ امریکی شہری پیر کو امریکہ میں قید پانچ ایرانی شہریوں کے ساتھ تبادلے کے معاہدے کے بعد دوحہ پہنچ گئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے بعد وہاں حراست میں لیے گئے پانچ شہری ’آخر کار وطن واپس آ رہے ہیں۔‘
امریکی صدر نے ایک بیان میں قطر، عمان، سوئٹزرلینڈ اور جنوبی کوریا کی حکومتوں کا امریکیوں کی رہائی میں مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
امریکی صدر نے کہا: ’میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد اور عمان کے سلطان، ہیثم بن طارق کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے کئی مہینوں کی مشکل اور اصولی امریکی سفارت کاری کے دوران اس معاہدے کو آسان بنانے میں مدد کی۔‘
وائٹ ہاؤس کے بیان کے مطابق رہا کیے جانے والے سائمک نمازی، عماد شارگی، مراد طہباز سمیت دو دیگر امریکی شہری شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایران سے رہا کیے جانے والے پانچ امریکی شہری دوحہ پہنچ چکے ہیں۔
واشنگٹن اور تہران کے درمیان معاہدے کے نتیجے میں اس سے قبل امریکہ میں قید پانچ ایرانیوں کو بھی رہا کیا گیا تھا۔
Emad Shargi, Siamak Namazi, Morad Tahbaz and two other U.S. citizens have left Iran and are coming home after suffering unspeakable cruelty as the Iranian regime’s prisoners, some for many years. We have no higher priority than bringing home Americans who are wrongfully detained.
— Secretary Antony Blinken (@SecBlinken) September 18, 2023
معاہدے کے تحت امریکہ نے ایران کے چھ ارب ڈالر کے فنڈز بھی غیر منجمد کر دیے۔
معاہدے میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے قطر کی جانب سے بھیجے گئے طیارے میں پانچ امریکی شہریوں، ان کے دو رشتہ داروں اور ایران میں قطری سفیر کو تہران ایئر پورٹ سے دوحہ کے لیے روانہ کیا گیا۔
ایک امریکی اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ اس وقت پانچ میں سے دو ایرانی شہری قطر پہنچ گئے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی پیر کو تصدیق کی کہ امریکہ کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ آج ہونے جا رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کو ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ ایران کے منجمد اثاثوں کی رہائی اور امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل درآمد اچھی رفتار سے جاری ہے۔
ناصر کنعانی نے امید ظاہر کی کہ غیر منجمد اثاثے پیر کو ایک دوست ملک میں ایرانی بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے جائیں گے جبکہ قیدیوں کا تبادلہ اس کے بعد ہوگا اور پانچ ایرانی شہریوں کو بھی آج رہا کر دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی شہریوں میں سے دو اپنی مرضی سے وطن واپس آئیں گے۔ ان کے علاوہ ایک ایرانی شہری اپنے خاندان کے پاس کسی تیسرے ملک جائیں گے، جبکہ دیگر دو نے امریکہ میں ہی رہنے کو ترجیح دی ہے۔