’سب سے بڑی گھوڑا مچھلی پکڑنے میں دو گھنٹے لگے‘

210 کلو وزنی مارلن مچھلی پکڑنے والے خالد احمد اسے ہنود کرنا چاہتے تھے لیکن ان کا کہنا ہے کہ اتنا ہنگامہ ہوا کہ انہیں مچھلی کو محکمہ فشریز کے حوالے کرنا پڑا۔

کراچی کے سمندر میں اتوار کو کانٹے کی مدد سے 10 فٹ لمبی مارلن مچھلی پکڑ کر نیا ’ریکارڈ‘ قائم کرنے والے پاکستانی خالد احمد، جو امریکہ میں مقیم ہیں، ہر سال مچھلی کے شکار کے لیے وطن آتے ہیں۔  

سندھ ٹوورازم ڈولپمنٹ کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر سید فیاض علی شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ 1999 میں عروج علی نے ایک بڑی سیاہ مارلن پکڑی تھی ’لیکن اس کا وزن کم تھا اور خالد احمد کے ہاتھوں پکڑی گئی مارلن ایک نیا ریکارڈ ہے۔‘

خالد نے جو مارلن، جسے مقامی طور پر گھوڑا مچھلی کے نام سے جانا جاتا ہے، پکڑی اس کا وزن 210 کلو گرام ہے۔

فیاض شاہ کے مطابق: ’یہ نہ صرف پاکستان کا ریکارڈ ہے بلکہ پورے خطے میں اس سے پہلے اتنی بڑی سیاہ مارلن نہیں پکڑی گئی۔

’اس نئے ریکارڈ سے عالمی سطح پر پاکستان میں فشنگ سپورٹس کی مقبولیت میں اضافہ ہو گا۔‘

گذشتہ 15 سال سے ہر سال امریکہ سے پاکستان مچھلی کے شکار کی غرض سے آنے والے خالد نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا: ’گذشتہ سال میں نے پانچ مارلن مچھلیاں پکڑی تھیں مگر وہ چھوٹی تھیں۔ مجھے بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ میں اتنی بڑی مچھلی پکڑوں گا۔‘ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا کہ بحر عرب میں کراچی سے 75 ناٹیکل میل دور کانٹینیٹل شیل کے قریب کانٹے کی مدد سے مچھلی کو قابو کرنے میں انہیں اور ان کی ٹیم کو دو گھنٹے لگے۔ 

’میں اس مچھلی کو ہنود کرنا چاہتا تھا، مگر اتنا ہنگامہ ہوا کہ مچھلی محکمہ فشریز کے حوالے کرنا پڑی۔‘

پاکستان بوٹ ریلی اینڈ فشنگ ایسوسی ایشن کے صدر احمد معمور نے بتایا: ’مارلن مچھلی سمندر کی بڑی مچھلیوں میں ایک ہے، اس کے ساتھ یہ دنیا کی تیز ترین مچھلی سمجھی جاتی ہے۔

’اس سائز کی مارلن مچھلی پکڑنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ مگر اب یہ نیا ریکارڈ پاکستان کے پاس ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان