کراچی: استعمال شدہ پانی سے شجرکاری کا کامیاب تجربہ

کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان فائق سلیم اپنی مدد آپ کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر پودے لگانے کی مہم چلا رہے ہیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان فائق سلیم اپنی مدد آپ کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر پودے لگانے کی مہم چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ایک فروٹ آرچرڈ بھی بنایا ہے جس میں استعمال شدہ پانی کو کارآمد بنا کر شجرکاری کی گئی ہے۔

اس باغ میں ایئرکنڈیشنز اور مساجد میں استعمال ہونے والا وضو کا پانی شجرکاری کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں فائق سلیم کا کہنا تھا ’میں 2017 سے شجرکاری میں مصروف ہوں۔ جب میں نے یہ بیڑہ اٹھایا تھا تو اکیلا تھا۔‘

 لیکن آج ان کے ساتھ ہزاروں لوگ اس مہم کا حصہ بن چکے ہیں جس کے بعد انہوں نے شجرکاری کرنے والوں کے اس گروہ کو ’ٹیم گرین‘ کے نام دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’ہم رہاشی علاقوں کا انتخاب کرتے ہیں اور وہاں بڑے درختوں کے پودے لگاتے ہیں جیسے نیم، شیریں اور گل مہر وغیرہ جبکہ اور کھلے میدانوں کی جگہ یعنی مدارس، جامعات وغیرہ میں فروٹ آرچرڈ بناتے ہیں۔

فائق کہتے ہیں کہ ’ہم پودا لگانے کے ساتھ ساتھ شجرکاری کی آگاہی کا کام بھی کرتے ہیں اور سب سے بڑی ذمہ داری ان پودوں کا خیال رکھنا ہی ہوتی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فائق سلیم کا مزید یہ کہنا تھا کہ ’2015 کی ہیٹ ویو میں کئی افراد کی جانیں گئیں۔ جس کے بعد درختوں کی اہمیت کا اندازہ ہوا کہ درخت وہ واحد ہتھیار ہے جو ہیٹ سٹروک سے بچا سکتے ہیں تو تب سے میں نے ٹھان لیا کہ ماحول کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔‘

فائق بتاتے ہیں کہ ’اب تک جتنا بھی کام کیا اپنی مدد آپ کے تحت کیا۔ اس میں کوئی حکومتی سرپرستی شامل نہیں۔‘

ان کے مطابق وہ اب تک 12 ہزار سے زیادہ پودے لگا چکے ہیں۔‘

ٹیم گرین کے ایک رکن بیٹی کے نام سے انجیر کا درخت لگانے والے رمیز احمد بھی ہیں۔

رمیز نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’اب بہت سے پروجیکٹس میری ذمہ داری ہیں اور میں نے فروٹ آرچرڈ میں انجیر کا درخت لگایا جو میری بیٹی کے نام پر تھا۔

’اب وہ درخت پھل دے رہا ہے جسے دیکھ کر ایک عجیب سی خوشی ہوتی ہے اور جس کے بعد شجرکاری کا یہ مشن میں نے مزید تیز کر دیا ہے۔‘

رمیز کہتے ہیں کہ ’میں یہ سمجھتا ہوں پودے لگانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ زندگی میں سب کو ایک پودا ضرور لگانا چاہیے کیونکہ جب وہ بڑا ہو کر ایک پھل دار درخت کی شکل اختیار کرتا ہے تو آپ کی نسلیں اس سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔‘

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات