الیکشن ریل ریل میں: اکانومی کے مسافر ہنستے ہی رہتے ہیں

ریل میں اکانومی کلاس کی اکثریت پورے انتخابی عمل کو فضول خرچی سمجھتی ہے۔

(انڈپینڈنٹ اردو)

انڈپینڈنٹ اردو کے انتخابات 2024 کے سلسلے ’ریل ریل میں‘ آج کے سفر میں ہمارا موضوع بےروزگاری ہے۔ جس سے بھی سوال کیا وہ غریب زندگی سے اوازار، سیاست سے بے زار اور انتہائی مایوس پایا گیا۔

ہاتھ جوڑ کر دو تین بزرگوں نے یہاں تک کہا کہ خدا کا نام لو اور مہنگائی کم کر دو، باقی کھاتے ہم خود سیدھے کر لیں گے۔

ایک جوان سے پوچھا کہ پارٹی کون سی جیتے گی تو وہ کہنے لگے ’تسی مینوں فیر اندر کرانا جے؟‘ عرض کیا ’فیر دا کی ملب؟‘ کہتے ہیں ’اگوں پھیرا مار کے آیا واں اینہاں حرکتاں توں۔۔‘ ساتھ ہی ہنسنے لگ گئے۔ انہیں پھر بخش دیا۔ اپنا کام ختم کرکے واپس جا رہے تھے تو وہ پھر ٹکر گئے۔

’تسی اجے گئے نئیں؟‘ انہوں نے پوچھا

’تہانوں لے کے جاواں گا!‘ میں نے جواب دیا اور ہنستے ہنساتے خیر سے اپنی اپنی سیٹوں کا منہ کیا۔

سیدھی بات یہ ہے کہ لوگ اب اپنی پسندیدہ پارٹی کا نام لینے سے ڈرتے ہیں۔ سات آٹھ لڑکے ایک جگہ بیٹھے ہوئے تھے۔ ان کے سامنے مائیک کیا تو کہنے لگے کہ سیاست پہ بات نہیں کریں گے۔ مائیک ہٹایا تو زور سے اپنی پارٹی کے نعرے لگائے۔ انہیں بتایا کہ یار کیمرہ تو آن تھا، وہ بھی ہنسنے لگ گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہم لوگ زندہ دل قوم ہیں، کچھ نہیں کر سکتے تو صورت حال کو انجوائے کرنا شروع کر دیتے ہیں، آج والی قسط کے دوران سارا وقت میں یہی نوٹ کرتا رہا۔

ایک انسان بھی نہیں رویا، جدھر پریشانی کا ذکر آیا، جدھر پارٹی کی بات آئی، جہاں اسٹیبلشمنٹ کی بات کا دل کیا، وہاں ہنسنا شروع کر دیا۔

مرد تھے تو منہ کھول کے ہنستے تھے، عورتیں تھیں تو چہرہ ڈھانپ کے ہنس رہی تھیں۔

ریل میں اکانومی کلاس کی اکثریت پورے انتخابی عمل کو فضول خرچی سمجھتی ہے۔

ان کا خیال ہے کہ عوام کے یہی پیسے ان کی فلاح پہ خرچ کیے جائیں اور تیری باری میری باری والا کھیل بند ہو کسی طرح۔

باقی روزگار یا بے روزگاری والے سوال کا جواب مجموعی طور پہ یہی تھا کہ  باقی کام ٹھیک کرو تو روزگار خودبخود پیدا ہونا شروع ہو جائے گا۔

بہرحال۔۔۔

کافی کچھ کہہ لیا، ہم خود بھی اکانومی ہی کے مسافر ہیں، اب ہماری ہنسنے کی باری ہے!

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست