عمران خان الیکشن مہم کے لیے مصنوعی ذہانت اور ٹک ٹاک سے مدد لے رہے ہیں: رپورٹ

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق روایتی مہم چلانے سے قاصر پی ٹی آئی نئے طریقوں پر انحصار کر رہی ہے۔

عمران خان 18 مئی، 2023 کو لاہور میں ایک انٹرویو کے دوران (اے ایف پی)

جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اگلے ہفتے ہونے والے انتخابات سے قبل اپنے لاکھوں پرجوش حامیوں کو متحرک کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت اور ٹک ٹاک پر ریلیوں سمیت غیر روایتی طریقوں سے کام لے رہی ہے۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اپنے وکلا کو فراہم کردہ نوٹس کو تقریر کی شکل دینے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کر رہی ہے۔

اسی طرح ٹک ٹاک پر ڈیجیٹل ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جب کہ عمران خان کے فیس بک پیج پر موجود چیٹ بوٹ آٹھ فروری کو عام انتخابات کے امیدواروں کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے۔

عمران خان کے حامی ان کے جیل میں شناختی نمبر ’قیدی نمبر 804‘ کو پوسٹروں پر احتجاج کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

71  سالہ سابق کرکٹرنے، جنہیں اس ہفتے دو عدالتوں نے 10 اور 14 سال قید کی سزائیں سنائیں، مصنوعی ذہانت کے ذریعے کی گئی حالیہ تقریر میں اپنے حامیوں کو یقین دلایا کہ ’اگر آپ بڑی تعداد میں باہر نکلے تو کسی طور شکست نہیں کھائیں گے۔ کسی سے مت ڈریں‘۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی تقاریر پی ٹی آئی کی مہم کا حصہ ہیں۔ عمران خان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ 24 کروڑ کی آبادی والے ملک میں جمہوریت کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔

اسلام آباد میں قائم محقق گروپ ورسو کنسلٹنگ کی ڈائریکٹر عظیمہ چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی آواز اور تصویر پی ٹی آئی کے لیے سب سے بڑا محرک رہا ہے۔ وہ عوامی سطح پر اس کی نقل کرنے کے لیے ہر ممکن طریقہ استعمال کر رہے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے باوجود پی ٹی آئی اور عمران خان کو مشکلات کا سامنا ہے جو گذشتہ سال کرپشن کے ایک کیس میں الگ سے سزا پانے کے بعد خود الیکشن لڑنے کے اہل نہیں۔

رپورٹ کے مطابق روایتی مہم چلانے سے قاصر پی ٹی آئی نئے طریقوں پر انحصار کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا حکمت عملی چلانے والے امریکہ میں مقیم رضاکار جبران الیاس نے کہا کہ ’ہم نے عمران خان کے بغیر کبھی فزیکل یا ورچوئل سیاسی ریلی نہیں نکالی۔ تمام نئے طریقے ضروری ہیں۔‘

پارٹی نے دسمبر میں خان کی پہلی مصنوعی ذہانت کی تقریر نشر کی جس میں امریکہ میں قائم سٹارٹ اپ الیون لیبز کے وائس جنریشن ٹول کا استعمال کیا گیا۔ پارٹی نے گذشتہ ماہ اپنی پہلی ٹک ٹاک ریلی نکالی اور اس ہفتے اپنا انتخابی منشور آن لائن لانچ کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی کی سینیٹر زرقا سہروردی تیمور کے مطابق: ’ہماری مہم اب صرف سوشل میڈیا پر جاری ہے۔ ہمیں حیرت  ہے کہ وہاں بہت سے لوگ ہمیں فالو کر رہے ہیں۔ یہی وہ پلیٹ فارم ہے جہاں ہم آگے ہیں۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست