الیکشن مینجمنٹ سسٹم انٹرنیٹ بندش سے متاثر نہیں ہو گا: الیکشن کمیشن

ترجمان الیکشن کمیشن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’الیکشن 2024 میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) انٹرنیٹ کی بندش کی صورت سیٹلائٹ سے بھی کام جاری رکھے گی۔‘

21 ستمبر 2023 کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کا صدر دفتر (اے ایف پی)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ 2024 کے عام انتخابات کے دوران الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کا استعمال کیا جائے گا جس سے انتخابی نتائج تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے اور یہ نظام انٹرنیٹ کی بندش کے باوجود کام جاری رکھ سکے گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’2024 کے عام انتخابات میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) ایپلیکیشن کا استعمال کیا جائے گا، انٹرنیٹ کی بندش ہونے کی صورت میں یہ ایپلیکیشن سیٹلائٹ سے بھی کام جاری رکھے گی جس سے نتائج تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔‘

2018 کے عام انتخابات میں اس وقت متعارف کروایا گیا آر ٹی ایس نظام بیٹھے جانے سے ایک تو نتائج کے اعلان میں غیرمعمولی تاخیر ہوئی تھی اور دوسرا ان نتائج کی صحت کے بارے میں بھی شکوک و شبہات پیدا ہوئے تھے۔ اس مرتبہ امید کی جا رہی ہے کہ انتخابی کمیشن صاف و شفاف طریقے سے نتائج جاری کر پائے گا۔

024 کے انتخابات سے قبل یہ سوالات کیے جا رہے ہیں کہ ووٹوں کی گنتی کیسے ہوگی؟ نتائج کیسے مرتب ہوں گے؟ پرانے طریقے استعمال کیے جائیں گے یا ٹیکنالوجی کا استعمال ہو گا؟

الیکشن کمیشن کے ترجمان ندیم حیدر نے بتایا کہ ای ایم ایس ایک فون ایپلیکشن ہے جس سے تمام پریزائڈنگ افسران، ریٹرننگ افسران اور انتخابی کمیشن آپس میں منسلک ہوں گے۔

’تمام نتائج وہاں ہی جمع ہوں جیسے ایک حلقے میں جتنے پولنگ سٹیشنز ہیں ان کے نتائج آئیں گے تو جمع ہونے پر ایک حلقے کے نتائج آن لائن مرتب ہو جائیں گے۔‘

ندیم حیدر نے بتایا کہ ’نتائج چند گھنٹوں میں آنا تو ممکن ہی نہیں چوں کہ رات دو بجے تک کا وقت پریزائڈنگ افسران کا وقت ہو گا کہ وہ اپنے اپنے پولنگ سٹیشن سے فارم 45 (نتائج) اپنے حلقے کے ریٹرننگ افسروں کو بھیجیں۔

’تاخیر کی صورت میں اگلی صبح 10 بجے ڈیڈ لائن ہے نتائج بھیجنے کی۔ اس سے مزید تاخیر کرنے پر متعلقہ پریزائڈنگ افسر یا ریٹرننگ افسر کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔‘

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ’میسر معلومات کے مطابق الیکشن 2024 میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم کا استعمال کیا جائے گا، گذشتہ انتخابات میں آر ٹی ایس بیٹھنے کی وجہ ایک وقت میں ایک ڈیٹا انٹری کا نظام تھا جس کی وجہ سے نتائج موصول میں ہونے میں وقت لگا تھا۔

’الیکشن 2024 صاف، شفاف اورغیرجانبدارانہ کرانے کے لیے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق: ’ریٹرننگ افسران کو سیٹلائٹ کنیکشن دیے جائیں گے اس کے علاوہ متبادل کے طور پر وائی فائی ڈیوائس بھی دیے جائیں گے، تمام حلقوں کے ریٹرننگ افسران کو تین تین ڈیٹا انٹری آپریٹرز فراہم کیے جائیں گے جو بروقت تمام نتائج کو مرتب کر کے ایپلیکیشن میں بھیجیں گے۔

’اگر انٹرنیٹ نہیں بھی چل رہا ہو گا تو سیٹلائٹ کنیکشن کی مدد سے ڈیٹا بھیجا جائے گا۔‘

الیکشن کمیشن چاروں صوبوں میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم  کا کامیاب تجربہ کر چکا ہے، اور اس حوالے سے ڈیٹا آپریٹرز کو ٹریننگ بھی دی جا چکی ہے۔

ای ایم ایس کی تربیت کب دی گئی؟

الیکشن کمیشن کا انتخابی نتائج مرتب کرنے کا نظام  (Result Compilation System)  گذشتہ برس ہی مکمل کر لیا گیا تھا۔

ادارے نے گذشتہ برس ستمبر میں بیان جاری کر کے بتایا تھا کہ ’الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات کے دوران 3600 ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی خدمات ریٹرننگ آفیسروں کو مہیا کرے گا تاکہ انتخابات کے دوران انہیں ہر قسم کی معاونت حاصل ہو۔‘

الیکشن کمیشن کے مطابق ’اِن ملازمین کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے ایک جامع ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جو چار ستمبر سے 16 ستمبر2023 تک پاکستان کے 16 مختلف شہروں میں کیے گئے۔ اس ٹریننگ کا مقصد  انتخابی عمل میں مزید شفافیت لانا اور کام کو بروقت مکمل کرنا ہے۔

اس تربیت کی موثر و جامع نگرانی کے لیے الیکشن کمیشن نے ایک جدید مانیٹرنگ نظام بھی تیار کیا ہے۔ کمیشن کے25 سینیئر افسران اِس تریبیت کی مانیٹرنگ اور مکمل نگرانی کریں گے۔‘

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست