سعودی عرب کے مزید تین شہر یونیسکو کی فہرست میں شامل

یونیسکو کے عالمی نیٹ ورک میں ینبع، جبیل، کنگ عبداللہ اکنامک سٹی، الاحساء گورنرریٹ اور مدینہ کو شامل کیا جا چکا ہے۔

تین فروری، 2009 کی اس تصویر میں آرکیٹیکٹ ماہرین سعودی عرب کے شہر جدہ میں نئے  شہر کنگ عبداللہ اکنامک سٹی کا ماڈل دیکھتے ہوئے(اے ایف پی)

اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے یونیسکو نے اپنے گلوبل نیٹ ورک آف لرننگ سٹیز میں تین نئے سعودی شہروں کو شامل کرنے کی منظوری دے دی۔

سعودی گزٹ کے مطابق ان تین شہروں میں مدینہ، کنگ عبداللہ اکنامک سٹی اور الاحساء گورنریٹ شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کی جانب سے یہ اقدام 2022 میں ینبع اور جبیل کو انڈسٹریل سٹی آف لرننگ میں شامل کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

جبیل کو خاص طور پر اس کی اعلیٰ معیاری تعلیم اور جامع اور پائیدار ترقی کی وجہ سے بہترین تعلیمی شہر کا ایوارڈ ملا ہے۔

اس عالمی فہرست میں ان تین شہروں کے اضافے کے ساتھ اقوام متحدہ کے نیٹ ورک میں سعودی عرب کی نمائندگی پانچ شہروں کی ہو چکی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 یہ پیش رفت عالمی سطح پر مسابقتی شہریوں کی آبیاری کے لیے مملکت کی کوششوں کا ثبوت ہے اور پائیدار ترقی کے اہداف اور سعودی ویژن 2030 کے عزائم کی نمائندگی کرتی ہے۔

نیٹ ورک میں تعلیمی شہر تمام شعبوں میں اپنے وسائل کو ہر عمر کے لیے سیکھنے کے جامع مواقع کو فروغ دینے، خاندانوں اور مقامی کمیونٹیز کے اندر سیکھنے کی حوصلہ افزائی کرنے اور زندگی بھر سیکھنے کے عمل کی حمایت کرنے کے لیے جدید تعلیمی طریقوں کے استعمال کا عہد کرتے ہیں۔

یونیسکو گلوبل نیٹ ورک آف لرننگ سٹیز کا مقصد دنیا بھر میں زندگی بھر سیکھنے کے اقدامات کو تقویت دینا اور آگے بڑھانا، تعلیمی پالیسیوں پر مکالمے میں سہولت فراہم کرنا اور شہروں کے درمیان مضبوط شراکت داری کو فروغ دینا اور مقامی اور بین الاقوامی دونوں طرح کے تعلیمی طریقوں کو بہتر بنانا ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا