الیکشن میں میری ہار امریکہ کے لیے خونریز ہو گی: ٹرمپ

امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ریلی سے خطاب میں خبردار کیا ہے کہ اگر وہ نومبر انتخابات نہ جیتے تو یہ ملک کے لیے خونریز ثابت ہو گا۔

16 مارچ، 2024 کی اس تصویر میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ریاست اوہائیو میں اپنی انتخابی مہم کے دوران تقریر کرتے ہوئے(تصویر: اے ایف پی)

امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر وہ نومبر انتخابات نہ جیتے تو یہ ملک کے لیے خونریز ثابت ہو گا۔

انہوں نے یہ بات 16 مارچ، 2024 کو امریکی ریاست اوہائیو میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب میں کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر یہ الیکشن میں نہ جیتا تو، تو اس ملک میں دوبارہ انتخابات نہیں ہوں گے۔ میرا یقین ہے کہ پانچ نومبر ہمارے ملک کی تاریخ کی سب سے اہم تاریخ ہو گی۔‘

ٹرمپ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’وہ مجھے خاموش کرانا چاہتے ہیں کیونکہ میں انہیں کبھی بھی اجازت نہیں دوں گا کہ وہ آپ کو خاموش کروائیں، اور بالآخر وہ میرے پیچھے نہیں، وہ آپ کے پیچھے ہیں، میں تو بس رستے میں کھڑا ہوں۔‘

ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ’بنیاد پرست بائیں بازو کے ڈیموکریٹس نے 2020 کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کی اور ہم انہیں 2024 کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔‘

سابق امریکی صدر نے کہا کہ ’جب بھی بنیاد پرست بائیں بازو کے ڈیموکریٹس، مارکسسٹ، کمیونسٹ اور فاشسٹ مجھ پر فرد جرم عائد کرتے ہیں میں اسے اعزاز کا ایک بڑا تمغہ سمجھتا ہوں۔

’کیونکہ مجھ پر آپ کی وجہ سے فرد جرم عائد کی جا رہی ہے اور یہ کبھی نہ بھولیں کہ ہمارے دشمن میری آزادی چھیننا چاہتے ہیں کیونکہ میں انہیں کبھی آپ کی آزادی نہیں چھیننے دوں گا۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’چین، میکسیکو اب کچھ بڑے پلانٹس بنا رہا ہے جہاں وہ کاریں بنائیں گے اور وہ ان کاروں کو امریکہ میں بیچنے کا سوچ رہے ہیں، سرحد پر کوئی ٹیکس دیے بغیر۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ’اگر میں منتخب ہوگیا تو ہم ایک کار پر 100 فیصد ٹیرف لگائیں گے اور اگر میں منتخب نہ ہوا تو یہ اس سب کے لیے خونریز ثابت ہو گا اور یہ تو کم سے کم ہے، یہ پورے ملک کے لیے خونریز ثابت ہو گا۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے ریلی کے دوران پیش گوئی کی تھی کہ اگر وہ پانچ نومبر کے عام انتخابات میں کامیاب نہیں ہوئے تو امریکی جمہوریت ختم ہو جائے گی۔

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ پوچھے جانے پر کہ ان کا کیا مطلب ہے، ٹرمپ کی مہم نے نیویارک ٹائمز کے ایک صحافی کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ کی طرف اشارہ کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ ٹرمپ کا ’خونریزی‘ والا تبصرہ امریکی آٹو انڈسٹری اور معیشت کے بارے میں بات کے دوران آیا ہے۔

ٹرمپ کے ’خونریزی‘ کے متعلق تبصرے پر ردعمل جاننے پر، جو بائیڈن کی انتخابی مہم کے ترجمان جیمز سنگر نے ٹرمپ کی ’انتہا پسندی‘، ’ان کی انتقام کی پیاس‘ اور ان کی ’سیاسی تشدد کی دھمکیوں‘ کی مذمت کی ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ