اسلام آباد کا نیا انٹرچینج طیب اردوغان سے منسوب کرنے کا فیصلہ

سی ڈی اے کے مطابق ترک صدر کے پاکستان دورے کے بعد ایف ایٹ انٹرچینج کے نام کا باقاعدہ اعلان ہو گا۔

25 دسمبر 2024 کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایف ایٹ انڈر پاس کا افتتاح کیا تھا اور یہ انٹرچینج جزوی طور پر ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے (حمزہ قمر/ انڈپینڈنٹ اردو)

 

کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ کے مقام پر تعمیر کردہ نئے انٹرچینج کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سی ڈی اے کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شاہد کیانی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں تصدیق کی کہ ’اسلام آباد میں ایف ایٹ کے مقام پر بنائے گئے انٹرچینج کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا: ’ابھی تک اس کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ترکی کے صدر کے پاکستان کے دورے کے بعد اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔‘

25  دسمبر 2024 کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایف ایٹ انڈر پاس کا افتتاح کیا تھا اور یہ انٹرچینج جزوی طور پر ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔

اس انٹرچینج کے ایک طرف سے مکمل انڈرپاس 42 دنوں میں مکمل کیا گیا جبکہ دیگر کام ابھی جاری ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوغان آج (بروز بدھ) دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ یہ ان کا پانچ برس بعد پاکستان کا دورہ ہے، جس کے دوران ان کی وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ سیاسی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں متوقع ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر اردوغان ساتویں پاک ترک ہائی لیول سٹریٹیجک کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدرات بھی کریں گے۔

اسلام آباد میں کتنی سڑکیں عالمی رہنماؤں کے نام پر ہیں؟

سی ڈی اے کے مطابق ترک صدر کے نام پر ایف ایٹ انٹرچینج کا نام منسوب کرنے کا اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیا جائے گا۔

اس سے قبل بھی اسلام آباد میں کئی دیگر ایوینیوز اور سڑکیں عالمی رہنماؤں کے نام سے منسوب کی جا چکی ہیں۔

اسلام آباد میں واقع معروف فیصل مسجد کو جانے والی سڑک کو سعودی عرب کے شاہ فیصل کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ اسی طرح اسلام آباد میں ڈپلومیٹک انکلیو کی طرف جانے والی ایک سڑک کا نام ’چو این لائی روڈ‘ رکھا گیا، جو 26 سال چین کے وزیراعظم رہے۔

اسلام آباد میں اتاترک ایوینیو جدید ترکی کے بانی کمال اتاترک کے نام سے منسوب کی گئی ہے اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی ایک کلومیٹر کی سڑک پلاسٹک کے کچرے سے بنائی گئی ہے۔

اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں موجود ایک سڑک مصر کے سابق صدر جمال عبد الناصر کے نام سے منسوب ہے اور اسی طرح آغا خان روڈ اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا اور 49 ویں امام پرنس کریم آغا خان کے نام سے منسوب ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان