کیلاش: ’چلم جوش‘ صرف تفریح ہی نہیں بلکہ رسومات کا تہوار بھی

چلم جوش تہوار نئی فصلوں کی خوشی میں منایا جانے والا تہوار ہے، جو کیلاش قبیلے کی قدیم روایات اور ثقافت کا مظہر ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع چترال کی وادی کیلاش میں ہزاروں سال پرانا مذہبی تہوار چلم جوش 14 مئی سے 17 مئی 2025 تک روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔

اس رنگارنگ تہوار کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے وادی کا رخ کیا۔

چلم جوش تہوار نئی فصلوں کی خوشی میں منایا جانے والا تہوار ہے، جو کیلاش قبیلے کی قدیم روایات اور ثقافت کا مظہر ہے۔

تہوار کے دوران کیلاشی خواتین، بچے اور نوجوان روایتی لباس پہن کر ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہیں اور گیت گاتے ہیں۔

تہوار کی خاص بات اجتماعی رقص اور مذہبی رسومات ہیں، جن میں دعائیں، عبادات اور نئے رشتوں کی بنیاد رکھنے کی روایات شامل ہیں۔

سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ہومی سنگھ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ وہ زندگی میں پہلی بار اس تہوار میں شریک ہوئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ اس تاریخی تہوار اور اس کی رنگینیوں کو دیکھ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

’پاکستان انڈیا کشیدگی کے باعث خدشہ تھا کہ شاید اس بار یہ تہوار نہ دیکھ سکوں، لیکن یہاں آ کر حیرانی ہوئی کہ فضا مکمل طور پر پرامن ہے۔ یہاں کے لوگ اور کیلاشی برادری انتہائی مہمان نواز اور محبت کرنے والے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ مقامی خواتین، بچے اور نوجوان خوبصورت روایتی لباس پہن کر اپنی ثقافت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، اور سیاح اس نایاب منظر سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

اس تہوار کی سب سے نمایاں خصوصیت اجتماعی رقص ہے جو ڈھول کی تھاپ پر کیا جاتا ہے۔ چلم جوش صرف تفریح کا ذریعہ نہیں، بلکہ اس میں مذہبی عبادات، دعائیں، اور نئے رشتوں کی بنیاد رکھنے کی رسومات بھی شامل ہوتی ہیں۔

ہومی سنگھ کے مطابق، اس تہوار میں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنے جیون ساتھی کا انتخاب کرتے ہیں اور خاندان اپنی خوشیوں میں سب کو شریک کرتے ہیں۔ یہاں افغانستان کی سرحد سے قربت کے باوجود امن و امان کی صورت حال مثالی ہے۔

محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے مطابق، اس سال چلم جوش تہوار میں 500 غیر ملکی اور 5400 سے زائد ملکی سیاحوں نے شرکت کی۔

ضلعی انتظامیہ اور خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے سیاحوں کی سہولت اور سکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے، جن میں ٹورازم پولیس کی تعیناتی اور سیاحتی سہولت مراکز کا قیام شامل تھا۔

چلم جوش فیسٹیول نہ صرف کیلاش قبیلے کا مذہبی تہوار ہے بلکہ یہ پاکستان کے ثقافتی ورثے کا ایک اہم اور قابلِ فخر حصہ بھی ہے، جو دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا