انڈیا کی جنوبی ریاست کرناٹک کی ہائی کورٹ نے ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کے ترکی میں دفتر سے متعلق عمارت کی تصویر استعمال کرنے پر ارنب گوسوامی اور امیت مالویہ کے خلاف درج ایف آئی آر پر حکم امتناع جاری کر دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق کرناٹک ہائی کورٹ نے جمعرات کو رپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی اور بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ کے خلاف ترکی میں کانگریس کے مبینہ دفتر سے متعلق ریمارکس پر درج ایف آئی آر پر حکم امتناع جاری کیا۔
یہ عبوری حکم جج جسٹس ایس راچیا نے ان دونوں شخصیات کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران دیا جس میں انہوں نے ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی استدعا کی تھی۔
یہ ایف آئی آر کانگریس پارٹی کی شکایت پر درج کی گئی تھی۔
یہ مقدمہ ہائی گراؤنڈز پولیس سٹیشن میں دفعات 192 (فساد بھڑکانے کی نیت سے اشتعال انگیزی) اور 352 (جان بوجھ کر توہین کر کے امن میں خلل ڈالنے کی کوشش) کے تحت درج کیا گیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈین یوتھ کانگریس کے لیگل سیل نے یہ شکایت 20 مئی 2025 کو درج کروائی تھی۔
پاکستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے بعد انڈیا میں انقرہ کی کھل کر اسلام آباد کی حمایت کے بعد ملک میں ترکی مخالف جذبات عروج پر ہیں اور انڈین شہری ترکی کے بائیکاٹ کا اعلان کر رہے ہیں۔
شکایت میں الزام تھا کہ مالویہ اور رپبلک ٹی وی نے ترکی کے شہر استنبول میں واقع ’استنبول کانگریس سینٹر‘ کو غلط طور پر انڈین نیشنل کانگریس کا دفتر ظاہر کیا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ملزمان نے یہ دعویٰ نہیں جھٹلایا کہ پارٹی کا ترکی میں کوئی دفتر ہے بلکہ صرف یہ مؤقف اختیار کیا کہ استنبول کانگریس سینٹر کو پارٹی دفتر کے طور پر دکھانا بدنامی کا باعث ہے۔
کانگریس کی طرف سے درج شکایت میں ارنب گوسوامی اور امیت مالویہ پر یہ الزام بھی لگایا گیا کہ انہوں نے ’مجرمانہ نیت سے ایک مہم‘ چلائی تاکہ جھوٹے دعوے پھیلائے جا سکیں کہ ترکی میں استنبول کانگریس سینٹر انڈین نیشنل کانگریس کا بین الاقوامی دفتر ہے۔
ارنب گوسوامی کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل ارون شیام نے عدالت کو بتایا کہ سینیئر صحافی نے اپنے ٹی وی پروگرام میں یہ سوال اٹھایا تھا کہ کانگریس کا ترکی میں دفتر کیوں ہے جب کہ وہ ملک انڈیا کے مفادات کے خلاف کام کر رہا ہے۔
وکیل نے کہا کہ جب یہ خبر چینل کی ویب سائٹ پر شائع کی گئی تو ایک جونیئیر ایڈیٹر نے غلطی سے استنبول کانگریس سینٹر کی تصویر لگا دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تصویر غیر دانستہ طور پر شائع ہوئی اور فوراً اس کی وضاحت کر دی گئی تھی۔