ایلون مسک کا ’آزادی کے لیے‘ امریکہ پارٹی بنانے کا اعلان

ارب پتی ایلون مسک نے اپنے ایکس پلیٹ فارم پر لکھا: ’آج، امریکہ پارٹی آپ کو آپ کی آزادی واپس دلوانے کے لیے بنائی گئی ہے۔‘

چھ جون 2025 کو بنائے گئے تصویروں کے اس مجموعے میں 12 مئی 2025 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  (بائیں) کو میری لینڈ کے جوائنٹ بیس اینڈریوز پر ایئر فورس ون پر سوار ہوتے ہوئے جبکہ ایلون مسک (دائیں) کو 22 مارچ 2025 کو موریس ٹاؤن، نیو جرسی کے موریس ٹاؤن میونسپل ایئرپورٹ پہنچنے پر ایئر فورس ون سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے (اے ایف پی)

رپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی مہم کے اہم فنانسر ایلون مسک کے ’ٹوٹے ہوئے تعلق‘ نے ہفتے کو اس وقت متنازع موڑ لیا، جب سپیس ایکس اور ٹیسلا کے مالک نے ایک نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کا ’بگ، بیوٹی فل‘ ٹیکس بل امریکہ کو دیوالیہ کر دے گا۔

اپنے ایکس پلیٹ فارم پر فالوررز سے یہ پوچھنے کے ایک دن بعد کہ آیا نئی امریکی سیاسی پارٹی بنائی جانی چاہیے، ایلون مسک نے ہفتے کو ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ ’آج، امریکہ پارٹی آپ کو آپ کی آزادی واپس دلوانے کے لیے بنائی گئی ہے۔‘

ایلون مسک کی جانب سے یہ اعلان ٹرمپ کے اپنے خود ساختہ ’بگ، بیوٹی فل‘ بل پر جمعے کے روز دستخط کرنے کے بعد سامنے آیا ہے، جس کی ٹیسلا کے مالک نے شدید مخالفت کی تھی۔

 

ارب پتی ایلون مسک نے ٹرمپ کی انتخابی مہم پر کروڑوں ڈالر خرچ کیے تھے اور بعدازاں صدر کی دوسری مدت کے آغاز سے ہی سرکاری اخراجات کو کم کرنے کے لیے بنائے گئے حکومتی کارکردگی کے شعبے کی قیادت بھی کی۔

تاہم بعدازاں دونوں اس بل کے بارے میں اختلاف رائے پر ایک دوسرے سے دور ہوگئے۔

ایلون مسک پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ ایک نئی سیاسی جماعت شروع کریں گے اور بل کی حمایت کرنے والے قانون سازوں کو ہٹانے کے لیے رقم خرچ کریں گے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے کے شروع میں دھمکی دی تھی کہ وہ اربوں ڈالر کی اُس سبسڈی کو ختم کر دیں گے، جو ایلون مسک کی کمپنیوں کو وفاقی حکومت سے ملتی ہیں۔

 

رپبلکنز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایلون مسک کا ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک بار پھر جھگڑا 2026 کے وسط مدتی کانگریس کے انتخابات میں ان کی اکثریت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جب ایلون مسک سے ایکس پر پوچھا گیا کہ ’وہ کون سی چیز تھی جس کی وجہ سے وہ ٹرمپ سے محبت کرنے سے لے کر ان پر حملہ کرنے پر مجبور ہو گئے؟ تو انہوں نے جواب دیا: ’بائیڈن حکومت میں پہلے سے ہی دو کھرب ڈالر کے خسارے کو ڈھائی کھرب ڈالر تک بڑھانا۔ یہ ملک کو دیوالیہ کر دے گا۔‘

ایلون مسک کے اعلان پر ٹرمپ یا وائٹ ہاؤس کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

امریکی صدر کے ساتھ اس لڑائی کے نتیجے میں ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں تیزی سے گراوٹ دیکھی گئی۔

نومبر 2024 میں ٹرمپ کے دوبارہ انتخاب کے بعد ٹیسلا کے سٹاک میں اضافہ ہوا تھا اور دسمبر میں یہ 488 ڈالر سے زیادہ کی بلندی پر پہنچ گیا تھا، تاہم اپریل میں اس میں نصف سے زیادہ کی کمی ہوئی اور پچھلے ہفتے یہ 315.35 ڈالر پر بند ہوا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایلون مسک کی دولت اپنی جگہ لیکن رپبلکن-ڈیموکریٹک کا غلبہ توڑنا ایک لمبا کام ہوگا، یہ دیکھتے ہوئے کہ اس نے امریکی سیاسی زندگی پر 160 سال سے زیادہ تک راج کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ