ایک اعلیٰ سرکاری عہدے دار نے جمعرات کو بتایا ہے کہ پاکستان نیویارک میں اپنے زیر ملکیت روزویلٹ ہوٹل کی قیمت کم از کم ایک ارب ڈالر لگوانا چاہتا ہے اور مین ہٹن میں واقع اس اہم اثاثے کے کچھ شیئرز فروخت کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ ہوٹل کی جدید طرز پر تعمیر نو کے لیے سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے۔
امریکہ کے سابق صدر تھیوڈور روزویلٹ سے منسوب، مین ہٹن کے وسط میں قائم 100 سال قدیم عمارت پاکستان کے قیمتی ترین غیر ملکی اثاثوں میں شمار ہوتی ہے جسے پاکستان نے 2000 میں حاصل کیا۔ مسلسل بڑھتے خسارے کے باعث 1000 سے زائد کمروں پر مشتمل یہ ہوٹل 2020 میں بند کر دیا گیا۔ ہوٹل کو مختصر مدت کے لیے تارکین وطن کی رہائش گاہ کے طور پر بھی استعمال کیا گیا۔
حکومت کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی حمایت سے سات ارب ڈالر کے نجکاری منصوبے کے تحت، منگل کو پاکستان کی حکومت نے ’روزویلٹ ہوٹل کے لیے ٹرانزیکشن سٹرکچر‘ کی منظوری دی۔ حکومت نے کہا کہ وہ اس عمارت کو مکمل طور پر فروخت نہیں کرے گی بلکہ اس کی زیادہ سے زیادہ طویل مدتی قدر کے حصول کے لیے مشترکہ منصوبے کا ماڈل اپنایا جائے گا۔ تاہم اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
پاکستان کے سینئر سرکاری عہدےدار نے بتایا کہ حکومت ایکویٹی شراکت داری کے ذریعے منصوبے میں اپنی ملکیت برقرار رکھے گی تاہم انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ مشترکہ منصوبے میں ممکنہ شراکت دار کو کتنا حصہ دیا جائے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عہدے دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پراپرٹی کنسلٹنٹ کمپنی جونز لینگ لاسال (جے ایل ایل) اس منصوبے کی نگرانی کرے گی۔ حکومت کو توقع ہے کہ 42 ہزار مربع فٹ پر مشتمل اس پراپرٹی کی قیمت ایک ارب ڈالر سے زائد لگائی جائے گی اور اسے رہائشی و دفاتر کے مشترکہ استعمال کے لیے دوبارہ تعمیر کیا جا سکے گا۔
عہدےدار نے مزید بتایا کہ ’یہ ہوٹل نیویارک کی رئیل سٹیٹ میں بہترین زمینوں میں سے ایک ہے۔ یہ عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا اور اگلے چھ سے نو ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔‘
پاکستان کی وزارت نجکاری، سرکاری فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) جو اس ہوٹل کی مالک ہے، اور جے ایل ایل کی جانب سے تبصرے کی درخواستوں پر جواب نہیں دیا گیا۔
اسی ہفتے پاکستان نے قرضوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی پی آئی اے کے حصص خریدنے کے لیے چار پارٹیوں کی منظوری بھی دی کہ بولی دے سکتی ہیں۔
روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے معروف مقامات گرینڈ سینٹرل ٹرمینل، ٹائمز سکوائر اور ففتھ ایونیو کے قریب واقع ہے، جس کی وجہ سے یہ مین ہٹن کے قیمتی ترین کاروباری علاقوں واقع اثاثہ میں شمار ہوتا ہے۔
اعلیٰ حکومتی عہدے دار کے مطابق حکومت کا اندازہ ہے کہ ہوٹل تعمیر نو میں چار سے پانچ سال لگ سکتے ہیں اور اس منصوبے میں ’دلچسپی کی سطح غیرمعمولی طور پر بلند‘ ہے۔
جون میں حکومت نے کہا کہ اسے جون 2026 تک مشترکہ منصوبے کے شراکت دار سے ابتدائی ادائیگی کی مد میں 10 کروڑ ڈالر ملنے کی توقع ہے۔