پولیس نے جمعرات کو بتایا ہے کہ انڈیا کے شہر گروگرم میں، جو دارالحکومت دہلی کے قریب واقع ہے، ٹینس کھلاڑی رادھیکا یادیو کو ان کے والد نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ مقتولہ گھر میں ناشتہ تیار کر رہی تھیں۔
25 سالہ رادھیکا یادیو پر ان کے والد دیپک یودیو نے صبح تقریباً ساڑھے 10 بجے اپنے لائسنس یافتہ ریوالور سے مبینہ طور پر پانچ گولیاں چلائیں، جن میں سے تین ان کی پیٹھ پر لگیں۔ انہیں شہر کے ایشیا مرینگو ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہاں پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
جمعے کو ایک مقامی عدالت نے دیپک یودیو کو ایک دن کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ ملزم کو پولیس کی تحویل میں دیتے ہوئے عدالت نے اسے ’سنگین معاملہ‘ قرار دیا جس کی ’گہرائی میں جا کر‘ تحقیقات کی ضرورت ہے۔
49 سالہ دیپک نے مبینہ طور پر قتل کا اعتراف کیا اور پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے آبائی گاؤں وزیر آباد میں گاؤں والوں کے طعنوں سے شدید پریشان تھے جو کہتے تھے کہ وہ اپنی بیٹی کی کمائی پر گزارا کر رہے ہیں۔
مقامی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق دیپک یودیو نے پولیس کو بتایا کہ ’بعض نے میری بیٹی کے کردار پر بھی سوال اٹھایا۔ میں نے اپنی بیٹی سے کہا کہ وہ اپنی ٹینس اکیڈمی بند کر دیں لیکن انہوں نے انکار کر دیا،۔‘
ایک چوٹ نے رادھیکا یادیو کے کھیل میں کریئر کو متاثر کیا جس کے بعد انہوں نے گروگرم میں ٹینس اکیڈمی کھول لی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اکیڈمی چلانے سے اس کی بڑھتی ہوئی مالی خودمختاری، سوشل میڈیا پر موجودگی، اور ایک میوزک ویڈیو کا حصہ بننے پر ان کے خاندان کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو گئے۔ تاہم سی این این نیوز 18 نے گروگرم میں پولیس افسر ونود کمار کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ پولیس نے غیرت کے نام پر قتل کے محرک کو مسترد کر دیا۔
رادھیکا کے چچا کلدیپ یودیو نے بتایا کہ انہوں نے اپنی اوپر والی منزل سے گولیوں کی آوازیں سنیں اور بھاگ کر اوپر گئے تو رادھیکا کو کچن میں بے حرکت پڑے پایا جب کہ ریوالور قریب ہی پڑا ہوا تھا۔
انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ’میں اور میرا بیٹا انہیں فوراً ہسپتال لے گئے، لیکن وہ پہلے ہی جا چکی تھیں۔‘ بعد میں انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی جس پر دیپک یودیو کو گرفتار کر لیا گیا۔
رادھیکا کی ماں منجو یودیو گھر پر موجود تھیں، لیکن انہوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ بیماری کی وجہ سے ایک کمرے میں بند تھیں اور انہوں نے واقعہ نہیں دیکھا۔ انہوں نے تحریری بیان دینے سے انکار کر دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رادھیکا یادیو ٹینس کی ابھرتی ہوئی کھلاڑی تھیں جنہوں نے مختلف بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں انڈیا کی نمائندگی کی۔ آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے مطابق انہوں نے 18 سال سے کم عمر لڑکیوں کی کیٹگری میں 75ویں اور ویمنز ڈبلز میں 53ویں رینکنگ حاصل کی۔
چوٹ کی وجہ سے کھیل کا کریئر متاثر ہونے کے بعد انہوں نے اکیڈمی میں معروف شاگردوں کی کوچنگ اور نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کی۔
پولیس نے بتایا کہ دیپک یودیو حراست میں ہیں اور ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس افسر ونود کمار نے اخبار دی انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ’انہوں (والد) نے کئی بار رادھیکا کو ٹینس اکیڈمی بند کرنے کو کہا لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ وہ مزید برداشت نہیں کر سکے۔‘
پڑوسیوں اور طلبہ نے رادھیکا یادیو کو پرجوش، پراعتماد اور مقامی ٹینس کمیونٹی میں بہت پسندیدہ قرار دیا۔
دوسری جانب پاکستان میں ہونے والے ایک الگ واقعے میں ایک 16 سالہ لڑکی کو ان کے والد نے گولی مار کر قتل کر دیا کیوں کہ انہوں نے اپنا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بند کرنے سے انکار کر دیا۔
نویں جماعت کی یہ طالبہ منگل کو راولپنڈی، جو دارالحکومت اسلام آباد کے قریب واقع ہے، قتل کر دی گئیں۔ پولیس کے مطابق ان کے والد ان کی ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر موجودگی سے ناراض تھے اور جب انہوں نے اکاؤنٹ بند سے انکار کیا تو انہوں نے انہیں قتل کر دیا۔
پاکستان کے اخبار ڈان کے مطابق لڑکی کی موت کے بعد والد فرار ہو گئے۔ خاندان نے ابتدا میں واقعے کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے بعد میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔ مقتولہ خاندان نے اعتراف کیا کہ والد نے ’غیرت‘ کے نام پر قتل کیا۔
© The Independent