تھائی لینڈ میں منعقدہ ایشین انڈر 16 والی بال چیمپیئن شپ کے فائنل میں ہفتے کو پاکستان نے ایران کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل کے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ایران کو 1-3 سے شکست دی۔
اس سے قبل سیمی فائنل میں پاکستان نے انڈیا کو 0-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے چیمپیئن شپ میں کامیابی میں انڈر 16 والی بال ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق وزیراعظم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا۔
انہوں نے کہا: ’پوری قوم کو اپنے نوجوانوں پر فخر ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی پاکستانی ٹیم کو مستقبل میں مزید کامیابیاں دے۔‘
صدر آصف علی زرداری نے بھی پاکستان کی انڈر 16 والی بال ٹیم کو ایشین چیمپیئن شپ میں ایران کے خلاف فتح پر مبارک باد دی۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ والی بال ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی مہارت اور جذبے سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
انہوں نے کہا: ’کامیابی ٹیم ورک، ڈسپلن اور کوچز کی محنت کا نتیجہ ہے۔‘
صدر نے مزید کہا: ’مجھے یقین ہے کہ ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی کامیابیوں کو جاری رکھے گی اور پاکستان کو مزید شان و شوکت دلائے گی۔‘