’صاحب زادہ فرحان نے دکھا دیا بنگلہ دیشی بولرز کو کیسے کھیلنا ہے‘

تیسرے میچ میں پاکستان کی اس فتح میں اہم کردار ادا کرنے پر کئی شائقین کرکٹ نے صاحب زادہ فرحان کے حوالے سے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔

24 جولائی، 2025 کو صاحب زادہ فرحان بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ٹی 20 کے دوران شاٹ کھیلتے ہوئے(اے ایف پی)

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جمعرات کو ڈھاکہ میں کھیلا جانے والا تیسرا ٹی 20 میچ پاکستان کی فتح پر ختم تو ہوا لیکن اس سیریز میں پاکستان کو دو - ایک میچ سے شکست کا سامنا رہا۔

نسبتاً نو آموز کھلاڑیوں کو سیریز کھلانے کے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے فیصلے پر بعض شائقین تنقید تو کر رہے ہیں لیکن کچھ نے اسے خوش آئند بھی قرار دیا۔

تیسرے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے کھیلتے ہوئے 178 رنز کا ہدف دیا، جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 104 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

سیریز کے پہلے دو میچز میں پاکستان کو سات وکٹوں اور آٹھ رنز سے شکست ہوئی تھی۔

تیسرے میچ میں پاکستان ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑا ٹوٹل بورڈ پر لگا دیا۔

اوپنر صاحب زادہ فرحان نے 41 گیندوں پر 63 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ حسن نواز نے 17 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔

بولنگ میں سلمان مرزا نے بنگلہ دیش کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کرتے ہوئے 19 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں، جس کے بعد بنگلہ دیش کے میچ میں واپس آنے کی امیدیں کم ہو گئیں۔

میچ کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان آغا کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی ٹیم پر بہت فخر محسوس کر رہا ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے مطابق ’یہی وہ بات تھی جس پر ہم نے بطور ٹیم بات کی کہ حالات جیسے بھی ہوں، ہمیں اپنا کردار اور حوصلہ دکھانا ہے۔‘

بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس نے سیریز جیتنے پر اپنی ٹیم کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی اور پاکستان کے خلاف سیریز جیتنا بہت خوشی کی بات ہے۔‘

تیسرے میچ میں پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے پر کئی شائقین نے صاحب زادہ فرحان کے حوالے سے دلچسپ تبصرے کیے۔

فرقان نامی صارف نے لکھا کہ ’صاحب زادہ فرحان نے ایک اچھی نصف سینچری بنائی۔ وہ پاکستان کے دوسرے بلے بازوں کو دکھا رہے ہیں کہ بنگلہ دیش کی بولنگ کا سامنا کیسے کرنا ہے۔‘

ایک اور صارف عاطف نواز نے لکھا ’صاحب زادہ فرحان جیسا اس سال کھیل رہے ہیں انہیں پاکستانی ٹی 20 ٹیم کے لیے خود بخود سلیکٹ کیا جانا چاہیے۔‘

پی سی بی چیئرمین اور پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ بھی تیسرے ٹی 20 کے دوران سٹیڈیم میں موجود تھے۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ