پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کھیل کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔
وزارت داخلہ پاکستان سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ڈھاکہ میں پاکستان کے وزیرداخلہ اور کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی بنگلہ دیش کے وزیر کھیل آصف محمود سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے حوالے سے تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی ان دنوں بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں اور ان کی کئی اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں خصوصاً کرکٹ کے فروغ و ایمپائرز ڈویلپمنٹ پروگرامز پر اتفاق ہوا ہے اس کے علاوہ پاکستان نے بنگلہ دیش کے ایمپائرز کو پاکستان میں تربیت دینے کی دعوت دی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان میں مزید بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا تاکہ کرکٹ کو فروغ دیا جا سکے۔
وزارت داخلہ کے مطابق یہ ملاقات بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات خصوصاً نوجوانوں، کھیل، تعلیم اور تجدید پذیر توانائی کے شعبوں میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی امید کو تقویت دیتی ہے۔
بیان کے مطابق بنگلہ دیش کی وزارت سپورٹس و یوتھ کے سیکرٹری محبوب العالم، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ رضاالمقصود، پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور محمد واصف، کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، مینجر نوید اکرم چیمہ اور اعلی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کر رہی ہے اور میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیل رہی ہے۔