نو مئی: علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ

لاہور پولیس نے جمعے کو شیر شاہ خان کو حراست میں لیا تھا۔ ان پر نو مئی 2023 کو جناح ہاؤس حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

پولیس نے شیر شاہ خان کو 23 اگست 2025 کو حراست میں لیا تھا (پی ٹی آئی آفیشل ایکس اکاؤنٹ)

لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی 2023 کے ایک مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ خان کا ہفتے کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

لاہور پولیس نے جمعے کو شیر شاہ خان کو حراست میں لیا تھا۔

انہیں آج انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل کے سامنے پیش کیا گیا۔

ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت میں دلائل دیے کہ پولیس عمران خان کی بہن علیمہ خان کی فیملی کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ ’دو دن پہلے شاہ ریز کو گھر سے گرفتار کر کے 27 ماہ بعد نو مئی کے مقدمے میں نامزد کر دیا گیا۔ اب ان کے چھوٹے بھائی شیر شاہ کو جھوٹے مقدمے میں ملوث کر دیا گیا ہے۔‘

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ ’جناح ہاؤس حملہ کیس میں علیمہ خان بھی بے گناہ ثابت ہو چکی ہیں، لہذا ملزم کو بھی اس مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے۔‘

پولیس کے تفتیشی افسر آصف جاوید نے عدالت کے سامنے ویڈیو پیش کی اور موقف اپنایا کہ ملزم نو مئی 2023 کو جناح ہاؤس حملے میں ملوث ہیں اور وہ اپنے کزن حسان نیازی کے ساتھ مشتعل مظاہرین کو جلاؤ گھراؤ پر اکساتے رہے۔

تفتیشی افسر نے مزید کہا کہ ملزم کو قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے ہیں، اس لیے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے، تاہم عدالت نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے پانچ دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

جج منظر علی گل نے ریمانڈ کی درخواست پر سماعت سے قبل میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ’میڈیا کا کوئی بھی نمائندہ کمرہ عدالت میں نہیں ہو گا۔‘ جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے تمام میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔

فاضل جج نے گذشتہ روز شاہ ریز خان کے ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کے دوران سوشل میڈیا پر عدالت کے اندر کی ویڈیوز وائرل ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آئندہ میری عدالت میں کوئی میڈیا نمائندہ موبائل لے کر نہ آئے۔ میڈیا نمائندگان آنا چاہیں تو کاپی پینسل لے کر آئیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لاہور میں نومئی 2023 کو جناح ہاؤس پر حملے سمیت پولیس نے 14 مختلف مقدمات درج کر رکھے ہیں، جن میں کئی پی ٹی آئی رہنما اور کارکن گرفتار ہیں اور ان مقدمات کی سماعت بھی جاری ہے۔

عمران خان کے ایک اور بھانجے حسان نیازی ایڈووکیٹ کو پہلے ہی گرفتار کر کے ملٹری ٹرائل کے لیے بھجوا دیا گیا تھا، انہیں اس کیس میں سزا بھی سنائی جا چکی ہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بعد ان کے خاندان سے یہ پانچویں گرفتاری ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ تحریک انصاف کے کئی اراکین اسمبلی اور رہنماؤں کو مختلف عدالتوں سے نو مئی مقدمات میں سزائیں بھی سنائی جا چکی ہیں۔ زیادہ تر رہنماؤں اور کارکنوں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہیں۔ مزید مقدمات کے سماعت بھی آخری مراحل میں ہیں، جلد ہی ان کیسوں کے فیصلے بھی متوقع ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل احمد شریف چوہدری نے جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ ’نومئی صرف فوج کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مقدمہ ہے۔ نو مئی کے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کوقانون کے مطابق کٹہرے میں آنا ہو گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان