آرٹس کونسل آف پاکستان میں دوسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کا آغا 30 اکتوبر سے کراچی میں ہو رہا ہے جس میں سعودی فنکار پہلی بار شرکت کریں گے جبکہ فلسطینی فریڈم تھیٹر کی بھی واپسی ہو رہی ہے۔
ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 سے متعلق صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بتایا کہ 30 اکتوبر سے شروع ہونے والے اس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سات دسمبر کو ہو گی جس میں پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان خصوصی پرفارمنس دیں گے۔
ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 میں سعودی فنکار پہلی بار شرکت کریں گے جبکہ فلسطینی فریڈم تھیٹر کی واپسی بھی واپسی ہو رہی ہے۔
اس کے علاوہ 100 سے زائد ممالک کے آرٹسٹ پاکستان میں اپنی پرفارمنس پیش کریں گے، جن میں 31 افریقی، 30 ایشیائی اور 26 یورپی ممالک شامل ہیں۔
آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا، امریکہ، برازیل، ارجنٹینا، میکسیکو اور کولمبو سے بھی فنکار شرکت کریں گے، جبکہ گذشتہ سال 38 روزہ فیسٹیول میں 44 ممالک نے شرکت کی تھی۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’اس سال کے فیسٹیول کو مزید وسیع کیا گیا ہے۔ اس بار پہلی مرتبہ سعودی عرب سے بھی آرٹسٹ شرکت کریں گے جو کلچرل سٹیج پر اپنی روایتی موسیقی، ثقافتی رنگ اور فنِ مصوری کے ذریعے اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔‘
احمد شاہ نے بتایا کہ ’فلسطین کا فریڈم تھیٹر گروپ بھی اس سال فیسٹیول کا حصہ ہوگا۔ یہ وہی گروپ ہے جو گذشتہ سال بھی پرفارم کرنے آیا تھا، تاہم اب ان کے چند سابقہ ممبران اس دنیا میں نہیں رہے، لیکن اسی گروپ کے نئے فنکار اس بار بھی فلسطینی جدوجہد اور صورت حال سے متعلق تھیٹر پرفارم کریں گے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ’انڈیا اور پاکستان کے درمیان موجودہ سفارتی کشیدگی کے باعث انڈیا کے فنکار اس سال فیسٹیول میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
’انڈیا کے بڑے فلم ڈائریکٹرز، ممبئی اور چندی گڑھ کے تھیٹر گروپس اس فیسٹیول میں شرکت کے لیے تیار تھے اور دل و جان سے آنا چاہتے تھے، مگر موجودہ سیاسی حالات کے پیش نظر ان کی شرکت ممکن نہ ہو سکی۔‘
فیسٹیول میں ہونے والی پرفارمنسز کے حوالے سے محمد احمد شاہ کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ میوزک، تھیٹر اور رقص کے ساتھ ساتھ فلم کو بھی فیسٹیول کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے مصور بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
احمد شاہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول پاکستان کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ اس فیسٹیول کے ذریعے پاکستانی عوام کو مختلف ممالک کی ثقافتوں کو قریب سے دیکھنے، سمجھنے اور سیکھنے کا موقع ملے گا، جب کہ پاکستانی فنکاروں کو بھی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کا پلیٹ فارم میسر آئے گا۔