انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی جاپان کے دو روزہ سرکاری دورے پر جمعرات کی رات ٹوکیو پہنچے، جہاں وہ 15ویں انڈیا جاپان سالانہ سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی آمد پر جاپان میں انڈیا کے سفیر سِبی جارج، انڈیا میں جاپان کے سفیر اونو کیئیچی اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا جبکہ انڈین کمیونٹی کی جانب سے روایتی ثقافتی انداز اور پرجوش نعروں کے ساتھ انہیں خوش آمدید کہا گیا۔
اپنے 29 تا 30 اگست کے اس دورے کے دوران، مودی جاپانی وزیراعظم شیگیرو ایشیبا کے ساتھ پہلی باقاعدہ دو طرفہ ملاقات کریں گے۔
توقع ہے کہ دونوں رہنما انڈیا-جاپان ’خصوصی تزویراتی و عالمی شراکت داری‘ کے تحت دفاع و سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور جدت جیسے کلیدی شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔
جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے تحت جاپانی کمپنیاں آئندہ دہائی میں انڈیا میں 10 کھرب ین (تقریباً 68 ارب ڈالر) تک کی سرمایہ کاری کریں گی۔ سوزوکی موٹر نے اگلے پانچ سے چھ سال میں تقریباً 8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نریندر مودی نے اس ہفتے انڈیا میں سوزوکی کے ایک پلانٹ کے دورے کے بعد کہا کہ ’انڈیا اور جاپان ایک دوسرے کے لیے بنے ہیں۔‘
مودی کا دورہ جاپان ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب انڈیا اور جاپان، آسٹریلیا اور امریکہ کے ساتھ مل کر ’کواڈ‘ گروپنگ کا حصہ ہیں، جس کا مقصد انڈو پیسیفک خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اپنے جاپان کے دورے کے بعد مودی اتوار کو چین روانہ ہوں گے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 25ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ توقع ہے کہ مودی اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادی میر پوتن سے علیحدہ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
انڈیا اور چین 2020 کی مہلک سرحدی جھڑپوں کے بعد کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ دونوں ممالک پانچ سال کے وقفے کے بعد براہ راست پروازوں کی بحالی اور سرحدی تجارت کو تین ہمالیائی راستوں سے دوبارہ کھولنے پر غور کر رہے ہیں۔
انڈیا، چینی کمپنیوں پر سخت سرمایہ کاری کے قوانین میں نرمی پر غور کر رہا ہے جبکہ چین نے انڈیا کو کھاد، نایاب معدنیات اور سرنگ کھودنے والی مشینوں کی برآمدات پر عائد پابندیاں ہٹانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔