افغان سپنر راشد خان اس وقت ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے جب انہوں نے پیر کی شب شارجہ میں افغانستان کو متحدہ عرب امارات کے خلاف 38 رنز سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
26 سالہ راشد خان نے اس میچ میں 21 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں یوں انہوں نے 98ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی وکٹوں کی تعداد 165 تک پہنچا دی۔
افغانستان کی اننگز کا مجموعہ 188 رہا جو ابراہیم زدران کی شاندار 40 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز اور صدیق اللہ اتل کی 40 گیندوں پر 54 رنز کی عمدہ کارکردگی پر مبنی تھا۔
یہ فتح افغانستان کے لیے سہ ملکی سیریز میں پہلی کامیابی تھی جب کہ وہ اپنے ابتدائی میچ میں پاکستان سے ہار گئے تھے۔
189 ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کے کپتان محمد وسیم کی 37 گیندوں پر 67 رنز کی دھواں دار اننگز نے افغانستان کی جیت کو خطرے میں ڈال دیا جس میں چھ چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وسیم کے آؤٹ ہوتے ہی یو اے ای کی اننگز لڑکھڑا گئی۔
افغانستان کی اننگز میں ابراہیم زدران اور اور صدیق اللہ اتل نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 84 رنز جوڑے۔
صدیق اللہ کی ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی ففٹی میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے جبکہ زدران نے چار چھکے اور تین چوکے لگائے۔
کریم جنت نے 10 گیندوں پر 23 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز میں دو چھکے اور دو چوکے لگائے جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے 12 گیندوں پر 20 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز میں دو چھکے مارے۔
یو اے ای کی طرف سے محمد روہید اور صغیر خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان جو اپنے دونوں میچ جیت چکا ہے، آج (منگل کو) افغانستان کا سامنا کرے گا۔
سہ ملکی سیریز میں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچ کھیلیں گی، اور سرفہرست دو ٹیمیں سات ستمبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔