پاکستان، چین کا سی پیک فیز 2 سمیت 5 نئی راہداریاں بنانے پر اتفاق

پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم نے چین- پاکستان اقتصادی راہداری کے اپ گریڈ شدہ اگلے مرحلے پر پانچ نئے کوریڈورز کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی جمعرات کو بیجنگ میں ان کے چینی ہم منصب لی چیانگ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں ممالک نے اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اپ گریڈڈ/ فیز 2 سمیت پانچ نئی راہداریوں کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق بیجنگ میں وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد چینی وزیر اعظم کی طرف سے شہباز شریف کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف 30 اگست کو سرکاری دورے پر چین کے شہر تیانجن پہنچے تھے جہاں انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 25 ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کی۔

دورے کے دوران منگل وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر سے بھی ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے پاکستان میں موجود تمام چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کا وعدہ کیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کے وزیر اعظم آفس سے جمعرات کو جاری بیان میں بھی شہباز شریف اور چینی صدر کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم کے ملاقات میں طے پانے والے اہم اتفاق رائے کی بنیاد پر، وزیر اعظم لی اور شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان آہنی پوش، ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

بیان کے مطابق پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم نے چین- پاکستان اقتصادی راہداری کے اپ گریڈ شدہ اگلے مرحلے پر پانچ نئے کوریڈورز کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر بزنس ٹو بزنس تعاون اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی وزیر اعظم کو بیجنگ میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کے بارے میں بتایا جس میں 300 سے زائد پاکستانی کمپنیاں اور 500 چینی کمپنیاں شریک ہو رہی ہیں۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم پاکستان کے دفتر سے جاری بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان چین-پاکستان اقتصادی راہداری کے فیز 2 کی ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیا اور زراعت جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے شرکت کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان