پنجاب میں سیلاب کے سبب قومی و صوبائی اسمبلی ضمنی الیکشن ملتوی: الیکشن کمیشن

جمعرات کی شام جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن میں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں انتخابات سیلاب کی صورت حال کے باعث موخر کر دیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر 20 دسمبر 2023 کو سکیورٹی پر تعینات اہلکار (انڈپینڈنٹ اردو)

 الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں ضمنی انتخابات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

جمعرات کی شام جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن میں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں انتخابات سیلاب کی صورت حال کے باعث موخر کر دیے گئے ہیں۔

پنجاب میں این اے 129 میاں اظہر کی وفات کے بعد خالی ہونے جبکہ باقی آٹھ نشستیں نومئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی نااہلی سے خالی ہوئی تھیں۔

جن شہروں میں الیکشن ملتوی کیا گیا ان تمام میں سیلاب نے ان دنوں تباہی پھیلی ہوئی ہے اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

پنجاب کے سرکاری اعداد وشمار میں بتایا گیا گیا ہے کہ شدید مون سون بارشوں اور انڈیا کی جانب سے تین دریاؤں ستلج، چناب اور روای میں پانی چھوڑے جانے پر بد ترین سیلاب آیا جس سے 15 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔

اس سیلاب سے تین ہزار سے زائد مکانات، 400 سکول اور 40 صحت کے مراکز کو نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث لاکھوں افراد فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پنجاب میں ان دنوں سیلاب کی وجہ سے سیاسی و سماجی ہر طرح کی سرگرمیاں بند ہیں حتی کے شادی بیاہ اور دعوتوں کا سلسلہ بھی بند ہے۔

الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہےکہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 66 وزیرآباد، فیصل آباد کے حلقے این اے 96، این اے 104، این اے 129 لاہور اور این اے 143 ساہیوال میں انتحابات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد اور پی پی 203 ساہیوال میں بھی ضمنی انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

اس نوٹیفیکیشن میں بتایاگیا ہے کہ ان حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں غیر معمولی سیلاب کے باعث مواصلاتی نظام شدید متاثر، سڑکیں اور پل بہہ گئے، سیلاب سے سرکاری و نجی عمارتیں، سکول اور پولنگ اسٹیشنز کا انفرا اسٹرکچر متاثر ہوچکا ہے۔

ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں مصروف عملہ انتخابی فرائض سرانجام نہیں دے سکتا، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے پولنگ سٹاف کی عدم دستیابی ظاہر کی ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سیلاب کی صورت حال کے باعث ضمنی الیکشن مؤخر کرنے کی سفارش کی، متاثرہ علاقوں کے ووٹرز کی نقل مکانی، ووٹ ڈالنے کے عمل میں شرکت ناممکن ہونے کا بھی بتایا گیا ہے۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کم ٹرن آؤٹ اور ووٹرز کی محرومی کا خدشہ ہے، سیلاب کے اثرات پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی رپورٹس کا حوالہ دیا گیا ہے۔

تاہم پنجاب میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری کی خالی نشست پر انتخاب نو ستمبر کو ہوگا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست