سندھ پی ڈی ایم اے کے آن لائن نقشے پر سیلاب، ریلیف کیمپوں کی معلومات

سندھ پی ڈی ایم اے کی ویب سائٹ پر موجود نقشے میں دریائے سندھ میں سیلاب کی تازہ صورتحال کے ساتھ ریلیف کیمپوں کا محل وقوع اور دستیاب سہولیات دیکھی جا سکتی ہیں۔

سندھ میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پرووینشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ایک جدید آن لائن نقشہ تیار کیا ہے، جس کے ذریعے دریائے سندھ میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ ریلیف کیمپوں کا محل وقوع اور سہولیات دیکھی جا سکتی ہیں۔

سندھ میں پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل سید سلمان شاہ کے مطابق ’اس نقشے پر کسی بھی ریلیف کیمپ پر کلک کرنے سے یہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں کہ کیمپ کہاں قائم ہے، کس عمارت یا سرکاری سکول میں موجود ہے، وہاں کتنے کمرے ہیں اور کتنے افراد کے رہنے کی گنجائش ہے، ساتھ ہی بنیادی سہولیات کی تفصیل بھی دستیاب ہے۔
 
’اس کے علاوہ کوئی بھی شخص اپنے گھر سے قریب ترین ریلیف کیمپ یا صحت کی سہولت کا فاصلہ معلوم کر سکتا ہے۔‘

پی ڈی ایم اے کے اتوار کی شام جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے 15 اضلاع کی 38 تحصیلوں میں 643 دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جن کے باعث ایک لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد کو اپنے گھروں سے نکلنا پڑا۔

سلمان شاہ نے بتایا کہ متاثرین کے لیے پی ڈی ایم اے کے پاس دو لاکھ 80 ہزار خیمے، 18 لاکھ مچھر دانیاں، بڑی تعداد میں چٹائیاں اور دیگر امدادی سامان موجود ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کے پاس 40 جدید ہیلتھ یونٹس مختلف مقامات پر تعینات ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد دی جا سکے، جب کہ محکمہ صحت سندھ کے تحت کام کرنے والے پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشیٹو (PPHI) کے موبائل ہیلتھ یونٹس متحرک کیے گئے ہیں۔

سیلاب میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لیے پی ڈی ایم اے کی 192 ریسکیو کشتیاں اور کرائے پر لی گئی 70 کشتیاں استعمال کی جا رہی ہیں۔

عوام کو روزانہ کی بنیاد پر اخبارات میں اشتہارات، ایس ایم ایس اور سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ’قدرتی آفات کی صورت میں پی ڈی ایم اے صوبائی سطح پر فیصلے کرتا ہے، جب کہ ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) متاثرہ علاقوں میں تمام بنیادی اقدامات سرانجام دیتی ہے۔

’ان کے ساتھ محکمہ صحت، لائیو سٹاک، آبپاشی اور دیگر ادارے مل کر کام کرتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی