یکجہتی پر سعودی عرب کا شکریہ، یوم الوطنی کی مبارک باد: شہباز شریف

وزیر اعظم نے سعودی عرب کے قومی دن پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کے معاشی تعاون کو فراموش نہیں کر سکتے نیز مئی 2025 میں انڈیا سے کشیدگی کے دوران سعودی قیادت کا اظہار یکجہتی پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

17 ستمبر 2025 کو شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر اعظم شہباز شریف ریاض میں ملاقات سے قبل موجود ہیں (ایس پی اے/ اے ایف پی)

سعودی عرب کے قومی دن کے موقعے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں سعودی عرب کے معاشی تعاون اور انڈیا سے جنگ میں اظہار یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے اور انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے جاری شدہ پیغام میں کہا کہ ’پاکستانی عوام سعودی عرب کے  معاشی تعاون کو فراموش نہیں کر سکتے جس کی وجہ سے ہماری معیشت کو سہارا ملا، مئی 2025 میں انڈیا کے ساتھ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت اور عوام کی طرف سے اظہار یکجہتی پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

’پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے میں خادم الحرمین شریفین عزت ماب شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور اپنے عزیز سعودی بھائیوں اور بہنوں کو سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر نہایت گرم جوشی کے ساتھ مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ ’ریاض کے حالیہ تاریخی دورے کے دوران مجھے اور پاکستانی وفد کو ملنے والا والہانہ استقبال اور محبت سے بھرپور مہمان نوازی میرے لیے انتہائی خوشی اور افتخار کا باعث ہے، میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کا ایک بار پھر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘

بیان کے مطابق ’پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات دین اسلام، تاریخ، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں جو ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔ ہم اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر سعودی عرب کے  عظیم الشان ترقیاتی سفر پر فخر کرتے ہیں جو شہزادہ محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں جاری ہے۔ آج سعودی عرب عالمی برادری میں جس بلند مقام پر فائز ہے وہ اس بصیرت اور دانشمندی کی روشن مثال ہے۔‘

’لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، اور وہاں کی تعمیر و ترقی میں سرگرم عمل ہیں۔ پاکستانی برادرری کی سعودی عرب میں خدمات دونوں برادر ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات، خوشحالی اور ترقی کا باعث ہیں۔‘

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’اج اس پر مسرت گھڑی میں سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر میں پاکستان کی جانب سے یہ عزم دہراتا ہوں کہ ہم اس دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اللہ تعالی مملکت سعودی عرب کو ہمیشہ ترقی اور عظمت سے نوازے۔ پاک سعودی اخوت پائندہ باد مملکت سعودی عرب زندہ باد۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان