پاکستان میں برطانوی نشریاتی ادارے انڈپینڈنٹ اردو اور آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے شعبہ میڈیا اینڈ کیمونیکیشن سٹڈیز کے درمیان میڈیا کے طلبہ کو پیڈ انٹرنشپ دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو پاکستان کے زیر انتظام جموں وکشمیر یونیورسٹی کے میڈیا گریجویٹس کو چھ ہفتوں کی انٹرنشپ دے گا جس کا انہیں معاوضہ بھی دیا جائے گا۔
اس سلسلہ میں گذشتہ دنوں آزاد جمو ں وکشمیر کے شعبہ میڈیا اینڈ کیمونیکیشن سٹڈیز میں انڈپینڈنٹ اردو کے اشتراک سے’میڈیا اخلاقیات‘ کے عنوان سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں انڈپنڈنٹ اردو کے مینجینگ ایڈیٹر ہارون رشید، پراجیکٹ کنسلٹنٹ ڈاکٹر پلوشہ خان مروت اور ویڈیو جرنلسٹ فہد مظہر نے شرکت کی۔
سینیئر منیجر انڈپنڈٹ اردو ہارون الرشید نے اس موقع پر طلبا وطالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجود دور میں صحافتی اقدار پر عمل درآمد کی اشد ضرورت ہے۔ ’ہم سب کو چاہیے کہ سماجی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے صحافتی اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ مثبت صحافت کو فروغ ممکن ہو سکے۔ کوئی بھی خبر دینے سے پہلے اس کی ہر زاویے سے تصدیق کرنا ایک صحافی کی بنیادی ذمہ داری ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ میڈیا اقدار کی پاسداری سب کا فرض ہے اسی صورت میں میڈیا پر لوگوں کا اعتبار بحال ہو گا اور ملک ترقی کر سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافتی اقدار کی پاسداری اور غیر جانبدارانہ رپورٹنگ ناگزیر ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر پلوشہ خان مروت نے کہا کہ انڈپنڈنٹ اردو میڈیا سٹوڈنٹس کے لیے عملی صحافت سیکھنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ ’ہم آپ کو چھ ہفتوں کے بامعاوضہ انٹرنشپ آفر کر رہے ہیں جس کے دوران طلبہ کو ہر ہفتے میں ایک الگ شعبہ میں کام کرنے کا موقع دیا جائے گا تاکہ ان کو ہر شعبہ کی ورکنگ سے آگاہی حاصل ہو سکے اور یہ صلاحیتیں ان کو عملی میدان میں کام آئیں۔
کوآرڈینٹر ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا اینڈ کیمونیکیشن سٹڈیز آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر شاہدہ خلیق نے اس موقع پر انڈینڈنٹ اردو کی ٹیم کا یونیورسٹی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس تربیتی ورکشاپ سے طلبا کو عملی صحافت کے مختلف پہلوؤں سے آگاہی حاصل ہوئی ہے اور انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ ’انڈپنڈنٹ اردو کے ساتھ دوطرفہ تعاون سے ہمارے طلبہ کو انٹرنشپ کے بہترین مواقع میسر آئیں گے اور وہ ایک بڑے پلیٹ فارم پر عملی صحافت سیکھ سکیں گے۔ اس طرح کی تربیتی سرگرمیوں کو طلبا و طالبات کی عملی زندگی کے لے نہایت مفید ثابت ہوں گی۔‘
ورکشاپ کے اختتام پر ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری نے انڈپنڈنٹ اردو کی ٹیم کو یونیورسٹی کی جانب سے سوئنیر دئیے جبکہ ہارون رشید نے کوآرڈینٹر شعبہ کیمونیکشن اینڈ میڈیا سٹڈیز میڈیا اینڈ کیمونیکیشن سٹڈیزاور فیکلٹی ممبران کو بھی سوئنیر دیے۔
قبل ازیں ہارون رشید نے وائس چانسلرآزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر ناصر جمال خٹک سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔