پاکستان بحریہ اور دوسرے ملکوں کے مشترکہ بحری آپریشن کمبائنڈ میری ٹائم فورسز نے بدھ کو بتایا ہے کہ سعودی عرب کی زیر قیادت ٹاسک فورس کی معاونت کرتے ہوئے پاکستانی بحریہ کے جہاز تبوک نے بحیرہ عرب میں ایک مشکوک کشتی سے تقریباً 130 ملین ڈالر مالیت کی منشیات پکڑی ہے۔
پاکستان بحریہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پکڑی گئی منشیات 2000 کلو گرام سے زائد ہے۔
کمبائنڈ میری ٹائم فورس (سی ایم ایف)، ایک بحری شراکت داری ہے جس میں امریکہ بھی شامل ہے۔
اس نے اور پاکستان بحریہ نے اس حوالے سے الگ الگ بیان جاری کیے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان بحریہ کے جہاز تبوک نے 16 نومبر 2025 کو ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے دوران کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت سعودی عرب کی زیر قیادت ٹاسک فورس CTF-150 کی معاونت کرتے ہوئے، بحیرہ عرب میں ایک مشکوک ماہی گیر کشتی کو روکا تھا۔
بیان کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد جہاز نے غیر رجسٹرڈ بے نامی کشتی پر ایک بڑی انسدادِ منشیات کارروائی کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کمبائنڈ میری ٹائم فورس کے بیان کے مطابق رائل سعودی نیول فورسز کے کموڈور فہد الجواد، کمانڈر سی ٹی ایف 150 کا اس کارروائی کے بارے میں کہنا ہے کہ ’یہ منشیات کی روک تھام، جو ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوسری بار ہوئی ہے، ایک بار پھر ملٹی نیشنل تعاون کے ذریعے کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے۔‘
اس سے قبل رواں سال اکتوبر میں بھی پاکستان اور دوسرے ملکوں کے مشترکہ بحری آپریشن کمبائنڈ میری ٹائم فورس (سی ایم ایف) نے بتایا تھا کہ پاکستان بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے بحیرہ عرب میں بادبانی کشتیوں سے تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کی منشیات پکڑی تھی۔
اس حوالے سے پاکستان نیوی کا کہنا ہے کہ پی این ایس تبوک کا یہ حالیہ انسداد منشیات آپریشن گذشتہ دو ماہ میں پاکستان بحریہ کے جہازوں کی مسلسل تیسری کامیاب کارروائی ہے۔
پاکستان بحریہ کا کہنا ہے کہ ’حالیہ کامیاب آپریشن میں اتنی بڑی مقدار میں منشیات کا پکڑا جانا نہ صرف پاکستان بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت کثیرالقومی ہم آہنگی کی افادیت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔‘